|

وقتِ اشاعت :   August 6 – 2017

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو(نیب) بلوچستان نے 45کروڑ روپے کے اراضی سیکنڈل میں سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خلجی کو بھی شامل تفتیش کرلیا۔

نیب ترجمان کے مطابق قومی احتساب بیورو کے طلب کرنے پر سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میں نیب بلوچستان کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے تفتیشی آفیسر کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خلجی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کروارکھی ہے۔یاد رہے کہ اراضی اسکینڈل میں تحصیلدار کوئٹہ محمد خان اور محکمہ ریونیو کے دو اہلکاروں سمیت چار ملزمان پہلے ہی نیب کی حراست میں ہیں۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے لئے اراضی تین کروڑ روپے میں خریدی اور سرکاری ریکارڈ میں رقم 48 کروڑ ظاہر کرکے باقی 45 کروڑ روپے خوردبرد کرلئے۔

ذرائع کے مطابق بعض گرفتار اہلکار وعدہ معاف گواہ بننے پر تیار ہیں تاہم نیب ترجمان نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔

ترجمان نیب کاکہنا ہے کہ سیکنڈ ل میں ملوث دیگر اہم عہدیداروں سے بھی تفتیش جاری ہے۔مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔