کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔
امیدواروں کی تعیناتی کو این ٹی ایس کے ذریعے کی جارہی ہے تاکہ اہل اور موذوں امیدواروں کو اداروں میں تعینات کیا جاسکے۔
اس سے حکومتی ادارون کی کارکردگی میں بھی بہتری آنے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل بروقت حل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ ٹریژیری اینڈ اکاؤنٹس میں نوتعینات امیدواروں میں تقررنامے حوالے کرنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل کو صاف وشفاف طریقے سے یقینی بنایا جارہا ہے۔ محکمہ خزانہ میں تمام بھرتیاں ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے عمل میں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ محکمہ خزانہ کی خالی آسامیوں پر 233امیدواروں کو میرٹ کے ذریعے بھرتی کیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خزانہ کے ملازمین کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس میں ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی پروگرام پر بھی عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوتعینات ملازمین ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تندہی سے کام کریں گے اور عوام کی خدمت کو اپناشعار بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوتعینات اہلکاروں کی بھرتی کا عمل این ٹی ایس کے ذریعے بروئے کار لایا گیا جس سے میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
آخر میں صوبائی وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو اور صوبائی سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے نوتعینات ملازمین میں تقررنامے تقسیم کئے۔