کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کوئٹہ دھماکے کی اطلاع پاتے ہی فوری طور پر لاہور سے کوئٹہ پہنچ گئے ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ کوئٹہ پہنچتے ہی وزیراعلیٰ نے امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا جو رات گئے تک جاری تھا۔
اجلاس میں کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی موجودہ صورتحال اور اس حوالے سے درپیش چیلنجز سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس ضمن میں اہم فیصلے متوقع ہیں اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت اور اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہیں۔
کوئٹہ پہنچنے کے بعد وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری اور وقاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے سول ہسپتال اور سی ایم ایچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی ، دریں اثناء و زیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کوئٹہ میں پشین اسٹاپ کے قریب خودکش بم دھماکہ میں سیکورٹی اہلکاران اور دیگر متعدد بے گناہ افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے وزیراعلیٰ نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور اداروں کو دھماکہ میں ملوث افراد کی جلدازجلدگرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس اور سیکورٹی اداروں کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے بیان مین وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر یوم آزادی کے موقع پر بدامنی پیدا کرکے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں جس میں انہیں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے انہیں ان کے عبرتناک انجام تک پہنچاکر دم لیا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ نے دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاران اور دیگر افراد کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے،علاوہ ازیں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں پشین اسٹاپ پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ایف سی اہلکاروں سمیت بے گناہ افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس کاروائی کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو دھماکے کے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ گورنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور مذکورہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلدازجلدگرفتارکرکے کڑی سزادی جائے یہ عناصر کسی رعایت کے ہر گز مستحق نہیں گورنر نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت وہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کی دعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ کوئٹہ پہنچ گئے ،دھماکہ میں ملوث افراد کو گرفتارکیاجائے،نواب زہری کی ہدایت
وقتِ اشاعت : August 13 – 2017