|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2017

کوئٹہ: پشین اسٹاپ دھماکے میں شہید ہونیوالے پندرہ میں سے چودہ افراد کی شناخت ہوگئی۔ گیارہ شہداء کا تعلق پاک فوج سے ہے جو دھماکے کے وقت فوجی ٹرک میں سوار تھے ۔

شہداء کی نماز جنازہ کوئٹہ چھاؤنی میں ادا کی گئی جس میںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ،وفاقی وزیر جام کمال ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ، سابق وزیر اعلی ٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،رکن صوبائی اسمبلی میرعاصم کرد گیلو ،کمانڈر سدر ن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریا ض ،آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم ،ڈائر یکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصف غفور ،آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب، حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام فوجی و سول حکام نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر شہداء کو سلامی بھی پیش کی گئی۔نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ شہداء میں نائیک اخلاق، ڈرائیور جاوید، سپاہی ندیم، اظہر محمود، شبیر علی، وقاص، علی گوہر، نعمان، رسول احمد، عبدالناظر اوروسیم شامل ہیں۔ 

تین دیگر سویلین شہداء کی شناخت کوئٹہ کے رہائشی رکشہ ڈرائیور شاہ ولی کاکڑولد سید ولی سکنہ ، پشین کا رہائشی تاجر اسلم آغا اور کچلاک کا رہائشی موبائل شاپ مالک نور محمد نورزئی ولد حاجی یارو کے نام سے ہوئی ہے۔

ایک شخص کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی ہے جس کی لاش سول ہسپتال کے مردہ خانے میں پڑی ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونیوالے25افراد تاحال سی ایم ایچ جبکہ13افراد سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔