|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2017

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ ملک یمن میں ہیضے کی وبا سے اندازاً پانچ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اپریل سے پھیلنے والی اس وبائی مرض سے کم از کم 1975 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر جولائی سے اس میں کمی آئی ہے لیکن اب بھی کم از کم 5000 افراد روزانہ اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

ہیضے کا مرض عام طور پر آلودہ پانی اور نامناسب سینیٹری حالات سے پھیلتا ہے۔

یمن میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد صاف پانی اور صحت و صفائی کی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ بڑے شہروں میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا کام رکا ہوا ہے۔

ہیضہ آلودہ پانی یا خوراک میں موجود بیکٹیریم وائبرو کولرا سے پھیلتا ہے۔

عام طور پر اس مرض کی علامات بہت کم ظاہر ہوتی ہیں لیکن شدید نوعیت کے معاملات میں اگر مریض کا علاج معالجہ نہ کیا جائے تو اس کی چند گھنٹوں میں موت واقع ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ دو سال سے زائد عرصہ سے جاری حکومتی فوجوں اور حکومت مخالف حوثی باغیوں کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے صحت کی سہولیات شدید متاثر ہوئی ہیں اور یمن کے محکمہ صحت کو ہیضے سے وبا سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ادویات اور دیگر اشیا کی رسد میں تعطل خاصا طویل ہے اور تقریبا 30 ہزار طبی عملے کو تقریبا ایک سال سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں۔


ہیضہہزاروں افراد بیمار ہیں، لیکن ہسپتالوں کی کمی ہے، ادویات کی کمی ہے، صاف پانی نہیں ہے’


عالمی ادارہ صحت کےڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھنوغیبریسس کا کہنا ہے کہ ‘یمن میں طبی عملہ ناممکن حالات میں کام کر رہا ہے۔؛’

‘ہزاروں افراد بیمار ہیں، لیکن ہسپتالوں کی کمی ہے، ادویات کی کمی ہے، صاف پانی نہیں ہے۔’

ان کا کہنا ہے کہ ‘ڈاکٹرز اور نرسیں صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے بغیر ہم یمن میں کچھ بھی نہیں کر سکتے۔انھیں تنخواہیں ضرور ملنی چاہییں تاکہ وہ زندگیاں بچانے کا کام جاری رکھ سکیں۔’

عالمی ادارہ صحت اپنے پارٹنرز کے ہمراہ ہیضے کے علاج کے لیے کلینکس، طبی سہولیات اورادویات کی فراہمی کے علاوہ یمن کے صحت کے شعبے کی مدد کر رہا ہے۔

99 فیصد سے زائد افراد جن کا علاج معالجہ ہوا وہ اب بھی زندہ ہیں۔

ڈاکٹر ٹریڈروس کا کہنا ہے کہ یمن کے تنازع میں مارچ 2015 سے اب تک 8160 افراد ہلاک اور 46330 زخمی ہوئے ہیں، اس تنازع کا سیاسی حل تلاش کیا جائے۔ ‘یمن کے افراد اس کو زیادہ عرصے تک برداشت نہیں کر سکیں تھے، انھیں امن کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی زندگیوں اور اپنے ملک کی ازسرنو تعمیر کر سکیں۔’