|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایف سی کے چھ ا ہلکار شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

پنجگور کے قریب ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

آواران میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر راکٹ حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایف سی اور لیویز حکام کے مطابق پیر کی شام تقریباً سوا چھ بجے ہرنائی سے تقریباً15کلومیٹر دور کھوسٹ کے قریب اس وقت دھماکا ہوا جب فرنٹیئر کور بلوچستان کے اہلکار ایک گاڑی میں معمول کے مطابق شاہرگ اورکھوسٹ کو ملانے والی شاہراہ سے گزر رہے تھے۔اہلکار شاہرگ چیک پوسٹ سے کھوسٹ چیک پوسٹ کی طرف جارہے تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اورگاڑی کے عقبی حصے میں سوار چھ اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ سویلین ڈرائیور سعداللہ اور گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھے صوبیدار ہدایت اللہ شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی ، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو ہرنائی پہنچایا گیا جہاں سے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ روانہ کردیاگیا۔ شہید ہونیوالے اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک یوسف عمران، سپاہی شہاب، سپاہی ندیم، سپاہی فیاض، سپاہی محمد عمر اور سپاہی فضل الرحمان کے نام سے ہوئی ہے ۔

ایف سی حکام کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول بم دیسی ساختہ بم کا تھا جو سڑک کے درمیان ایک ٹوٹے ہوئے حصے میں چھپایا گیاتھا۔ دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ادھر پنجگور سے تقریباً 105کلو میٹر دور ناگ کے قریب ایف سی کے پندرہ کے قریب اہلکار دو گاڑیوں میں 59ونگ ہیڈ کوارٹر گوارگو سے نکل کر گشت کررہے تھے اس دوران نامعلوم افراد نے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار لانس نائیک شاہد اورسپاہی طارق شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی شاہد کو پیٹ اور ہاتھ پر گولیاں لگیں جو بعد ازاں جان لیوا ثابت ہوئیں۔ سپاہی طارق کو پاؤں پر گولی لگی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہرا بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب آواران میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے راکٹ حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شہداء نے ملک کے لئے جان قربان کی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں ہونے دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور انشاء اللہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فتح ہماری ہوگی اور بہت جلد ملک وصوبے میں امن قائم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر یوم آزادی کے موقع پر بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے اور دہشت گردی کی اس جنگ میں تمام قوم اپنے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا،علاوہ ازیں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ آزادی کی خوشیوں کو سبوتاژ کرنے والے سماجی دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ دہشت گردی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت اور سوگوار خاندان سے ہمدردی واظہار یکجہتی کیا۔