|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2017

اسلام آباد :  وفاقی وزیر برائے خارجہ امور خواجہ محمد آصف جلد امریکہ کا سرکاری دورہ کرینگے اس سلسلے میں جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے د وران ترجمان نفیس زکریا نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کو دہشتگرد تنظیم قرار دیئے جانے پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے جارحانہ مظالم کا شکار کشمیری اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سماجی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کیس اتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ یہ دو طرفہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ 

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، سائنسی، معاشی، ثقافتی امور سکیورٹی کے معاہدوں کا تعلقات جاری ہیں۔ امریکی سیکرٹری خارجہ نے خواجہ آصف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے 70ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ۔ نفیس ذکریہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو بیانات کی بجائے عملی اقدامات کرنے چاہیءں۔ بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں بی ایل اے اور دیگر کالعدم تنظیموں کی مدد کر رہا ہے اور بہت سی دہشتگرد کارروائیوں میں بھی ملوث ہے ۔ جس کے واضح ثبوت فراہم کئے جا چکے ہیں۔ کشمیر میں بھارت کے خلاف جدوجہد کرنیو الے حریت رہنماؤں کے ساتھ غیر انسانی سلوک بند ہونا چاہیئے۔ امریکہ کی طرف سے 70سال سے آزادی کی جدوجہد کرنے والی تنظیم کو دہشتگرد قرار دینا نہایت افسوس ناک ہے۔ 

بھارت نہ صرف بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے بلکہ افغانستان کی سر زمین بھی استعمال کر رہا ہے۔ کرنل ( ریٹائرڈ)حبیب کی گمشدگی کے بارے میں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری کوششیں جاری ہیں البتہ لواحقین کوئی دوسرا راستہ استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

نفیس ذکریا نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے پوری دنیا میں اپنے سفارتخانوں میں 70ویں یوم آزادی کے موقع پر تقریبات منعقد کی ہیں اور یہ تقریبات ہر مہینہ جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ5دنوں میں 6کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ بھارت کو یہ سلسلہ بند کرنا ہو گا۔ پاکستان اس مسئلہ کا فوری حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔ اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب میں چین اور ترکی کے وفود نے شرکت کی۔