کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی تحصیل پروم کے صدر کے بھتیجے قمبر بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ کو پارٹی کے اصولی موقف کا ردعمل قرار دیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔
انہوں نے قمبر بلوچ کی قومی اور جمہوری جدوجہد میں خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی ٹارگٹ کلنگ کو بدترین دہشت گردی ،ظلم و بربریت وحشت اورقومی دشمنی قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ بلوچستان اور پنجگور کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی گہری سازش ہے ایسے عناصر بلوچستان میں شعوری اورسنجیدہ جدوجہد کو دہشت اور وحشت کے ذریعے سیاسی بانجھ پن کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر بزور بندوق قدغن لگانے والے بتائیں وہ کن کی آخر خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ملک اور بلوچستان میں انسانی حقوق ،انصاف کی سربلندی ،جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ،عدلیہ کی آزادی ،سماجی انصاف ،قومی برابری اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنی تاریخی جدوجہد جاری رکھے گی اور کوئی بھی گروہ پارٹی کو اسکی شعوری و فکری جدوجہد سے بزور طاقت نہیں روک سکتی ۔انہوں نے ضمیر بلوچ کے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔