کوئٹہ: کرپشن کیس میں گرفتار بلوچستان پولیس کا سابق ڈی آئی جی کروڑوں کی جائیداد کا مالک نکلا۔ ملزم نے ملک کے چھ بڑے شہروں میں قیمتی بنگلوں، پلاٹس اور فلیٹس کے علاوہ رشتہ داروں کے نام پر کروڑوں روپے کے نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹ اور 35 بینک اکاؤنٹس بھی بنا رکھے تھے۔
نیب نے اثاثے منجمد کردیئے ۔ ترجمان نیب کے مطابق بلوچستان پولیس کے سابق ڈی آئی جی ریاض احمد کو چندہ ماہ قبل نیب نے گرفتار کیا تھا۔ ان پر پرویز مشرف دور میں لیویز ایریا کو پولیس ایریا میں منتقلی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے پراجیکٹ میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
نیب بلوچستان کے سینئر آفسر عمران شیخ نے سابق ڈی آئی جی پولیس ریاض احمد کے خلاف تفتیش کی اس دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے دو ران سروس مختلف عہدوں پر رہ کر بڑے پیمانے پر کرپشن کرتے ہوئے ڈی ایچ اے لاہور، بحریہ ٹاون اسلام آباد، پارک انکلیو اسلام آباد پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی، ایژن ویلیو ہومز لاہور ، نیشنل پولیس فاونڈیشن گولڑہ شریف اسلام آباد، حب، گوادر، ڈی غازی خان اور زیارت میں انتہائی قیمتی بنگلے ، فلیٹس اور پلاٹس ، گاڑیاں ودیگر اثاثے بنا رکھے ہیں۔
ملزم کے خلاف تحقیقات کے دوران 35 بینک اکاونٹس بنانے کا بھی انکشاف ہوا جبکہ ملزم نے اپنے رشتہ داروں کے نام کروڑوں روپے کے نیشنل سیونگ سرٹیفیکٹ بھی بنا رکھے تھے۔ نیب بلوچستان نے ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی کی ہدایت پر ریاض احمد اور بے نامی داروں کے نام پر بنائے گئے تقریبا 28 کروڑ مالیت کے غیر قانونی اثاثے منجمدکئے۔
منجمد اثاثوں میں ڈی ایچ اے لاہور، بحریہ ٹاون اسلام آباد، پارک انکلیو اسلام آباد پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی، ایڑن ویلیو ہومز لاہور، اللہ دین انٹر نیشنل پرائیوٹ سوسائٹی اسلام آباد ، نیشنل پولیس فاونڈیشن گولڑہ شریف اسلام آباد، حب، گوادر ، ڈی جی خان اور زیارت میں 28 کروڑ مالیت کے انتہائی قیمتی بنگلے ، فلیٹس ، پلاٹس اور گاڑیاں شامل ہیں۔
واضح رہے نیب بلوچستان نے ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کر کے ملزم کو چند ماہ قبل گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا تھا جبکہ کیس سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ریفرنس بھی عدالت میں دائر کیاگیاتھا ۔اثاثہ جات کیس میں ملزم کے رشتہ داروں کے علاوہ و دیگر معاونین کی بھی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
کرپشن کیس میں گرفتار بلوچستان پولیس کا سابق ڈی آئی جی اربوں روپے کے جائیداد کا مالک نکلا
وقتِ اشاعت : August 24 – 2017