کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مفاہمت پر مبنی پالیسی کی وجہ سے آج بلوچستان کے لوگ پارٹی میں شامل ہو کر پارلیمانی سیاست کا آغاز کر رہے ہیں بہت جلد پیپلز پارٹی دیگر لوگوں کو بھی پارلیمانی سیاست کی جانب لانے میں اپنا بھر پور کردارادا کرے گی ۔
ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن کے سر براہ سعید بلوچ اور بی ایس او کے رہنماء میر بلال مینگل کی جانب سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، نصیب اللہ شاہوانی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت پر مبنی پالیسی کو فروغ دیا ہے کیونکہ ہم مظلوموں کی بات کر تے ہیں اسی لئے آج بلوچستان جس آگ میں جھل رہا ہے اس سے نوجوان نسل کو ایندھن بننے سے روکنے کے لئے ہم کردار ادا کر رہے ہیں جس طرح سعید بلوچ نے پارلیمانی سیاست کا پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کر کے آغاز کیا ہے یہ ایک خوش آئند بات ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر ورکر اور جیالہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بھٹکے ہوئے راستے سے سیدھے راستے پر لا کر پارلیمانی سیاست اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے اپنا کردا رادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان دنوں نوجوانوں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے نصیب اللہ شاہوانی، ماسٹر علی احمد اور حاجی ریاض کی کاوشیں قابل تحسین ہے جنہوں نے سریاب کے نوجوانوں کو پارلیمانی سیاست کر نے کے لئے راضی کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ حالانکہ یہ نوجوان پارلیمنٹ کو مانتے نہیں انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کوششوں کی بدولت بلوچستان کے نوجوان قومی دھارے میں شامل ہو کر پارلیمانی سیاست کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان ان کا ملک اور بلوچستان ان کا صوبہ ہے انہیں اپنے ملک اور صوبے میں واپس آنا چا ہئے اور یہاں پر سیاست کرنی چا ہئے کیونکہ انہیں معلوم ہو چکا ہے کہ قوم پرستانہ سیاست کے 70 سالہ دور میں انہیں مسخ شدہ لا شوں ، نوجوانوں کی اغواء کاری سمیت دیگر مسائل کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا ۔
انہوں نے کہا ہے کہ قومی دھارے میں شامل ہوکر حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں ہماری کوشش ہو گی کہ ملک سے باہر اور یہاں پر قومی دھارے سے باہر رہنے والوں کو پارلیمانی سیاست کے لئے قومی دھارے میں لائیں گے تاکہ ملک اور صوبے کی تعمیر وترقی اورپارلیمانی سیاست میں وہ اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ ملک اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو کر سی پیک منصوبے کو مکمل کر کے اس کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفاد کو مد نظر کر تے ہیں سیاست کی اور کر تے رہیں گے اس موقع پر ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن کے سر براہ سعید بلوچ اور بی ایس او میر بلال مینگل نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ملکی اور عالمی حالا ت کا بغور جائزہ لیا تو اس میں پیپلز پارٹی ہی واحد پارٹی نظر جس نے محکوم قوموں اور مظلوموں کیلئے جدوجہد کی اور نوجوان قیادت پارٹی کی بھاگ دوڑ سنبھال کر آگے بڑھے رہے ہیں تاکہ ملک اور بلوچستان کے احساس محرومی کو ختم کر کے لو گوں کو ان کے حقوق دیئے جا سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ریاست ماں ہو تی اسے اپنے بچوں اور بڑے بھائی کو اپنا مثبت انداز میں کردار اد اکر نا چا ہئے ریاستی اداروں کو بھی اپنی پالیسیاں تبدیل کر کے اس کی مثبت انداز میں ثمرات عوام تک پہنچانے چاہئے پیپلز پارٹی کی مفاہمت پر مبنی پالیسی کے بدولت ہم آج قومی دھارے میں شامل ہو کر پارلیمانی سیاست کا آغاز کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا ہے کہ 7 سال بعد ہم قومی دھارے میں شامل ہو کر پارلیمانی سیاست کا آغاز کر رہے ہیں ہم بھٹکے ہوئے تھے لیکن اب ہم پارلیمانی سیاست کے ذریعے آگے بڑھیں گے اور صوبے کے حقوق حصول میں اپنا کردار ادا کرینگے۔
بلوچستان کے نو جوانوں کو غیروں کے جنگ کا ایندھن بنانے سے روکنے کیلئے کوشاں ہیں ،علی مدد جتک
وقتِ اشاعت : August 28 – 2017