|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2017

 اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہناہے کہ شریف خاندان این اے 120 کے نتائج چوری کرنے پر تمام سرکاری ذرائع استعمال کررہا ہے لیکن یہ جتنا بھی زور لگا لیں پاکستان کو ان کی کرپشن سے نجات دلوا کے ہی دم لوں گا۔

اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر بیرسٹر بابر اعوان سے ملاقات میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں مقابلہ احتساب کے حامیوں اور کرپشن کے محافظوں کے مابین ہوگا، وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اراکین براہ راست اور بالواسطہ انتخابی مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں اور مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے تمام اسباب انتخابات کے نتائج چوری کرنے پر لگائے جارہےہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کا صاف و شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے پوری قوم کی نظریں این اے 120 کے ضمنی انتخابات پر جمی ہیں اور قوم دیکھے گی کہ الیکشن کمیشن ان انتخابات کی شفافیت کے لئے کیا اقدامات اٹھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات کو 2 حکومتوں کے اثر سے آزاد رکھنے لئے الیکشن کمیشن کے کردار کے منتظر ہیں ہمارے ساتھ اللہ اور عوام کی حمایت ہے جب کہ شریف خاندان کے ساتھ تمام سرکاری ادارے مدد کررہے ہیں لیکن یہ لوگ جتنا مرضی زور لگا لیں ہم پاکستان کو ان کی کرپشن سے نجاب دلوا کر ہی دم لیں گے۔