|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2017

 اسلام آباد: قومی ادارہ برائے شماریات نے پاکستان کے 10 بڑے شہروں کی آبادی کی تفصیلات جاری کردیں جس کے تحت کراچی آبادی کے لحاظ سے بدستور پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی ایک کروڑ 49لاکھ 10ہزار 352نفوس پر مشتمل ہے۔

اس کے علاوہ لاہور کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ 26 ہزار 285 ، فیصل آباد کی 32 لاکھ 3 ہزار 846، راولپنڈی کی آبادی 20لاکھ 98ہزار 231، گوجرانوالا کی آبادی 20لاکھ 27ہزار، پشاور کی 19 لاکھ 17 ہزار، ملتان کی آبادی 18لاکھ 71ہزار، حیدرآباد کی آبادی 17لاکھ 32ہزار، اسلام آباد کی آباد ی 10لاکھ 14ہزار اور کوئٹہ کی آبادی 10لاکھ ایک ہزار افراد پر مشتمل ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق مذکورہ اعداد و شمار رواں برس ہونے والی مردم و خانہ شماری کے نتائج سے اخذ کیے گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 1998 میں ہونے والی مردم شماری کے سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کی آبادی 93 لاکھ 39 ہزار نفوس پر مشتمل تھی۔

خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور سندھ حکومت دونوں ہی مردم شماری کے نتائج کو مسترد کرچکے ہیں جب کہ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وفاق نے مردم شماری کے نتائج کو راز میں رکھ کر سندھ کے ساتھ سازش کی ہے۔