کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک میں فرنٹیئر کور کے قافلے پر دہشتگرد حملے میں ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل سمیت تین اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں نئے تعینات ہونے والے پنجگور رائفلز کے کمانڈنگ بھی شامل ہیں۔
سیکورٹی حکام کے مطابق حملہ پنجگور سے جنوب میں تقریبا ایک سو بیس کلو میٹر دور پنجگور اور واشک کے سرحدی علاقے شنگر کے قریب مرغاب کور میں سکہ قلات چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر کیا گیا۔
پہلے سے گھات لگائے دہشتگردوں نے ایف سی کے قافلے پر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی اور راکٹ کے گولے بھی داغے۔ مختلف اطراف سے کیا گیا حملہ انتہائی ہولناک ثابت ہوا۔ ایف سی اہلکاروں کو سنبھلنے کا ہی موقع ہی نہ مل سکا۔
حملے کے نتیجے میں ایف سی کے لیفٹیننٹ کرنل عامر ،سپاہی عرفان اور لانس نائیک مقصود شہید ہوگئے جبکہ ونگ کمانڈر کرنل شجیع اللہ قادری، حوالدار سعود اور سپاہی عطاء الرحمان شدید زخمی ہوگئے۔ ایف سی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ دوطرفہ فائرنگ نصف گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پنجگور اور واشک سے ایف سی کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو سکہ قلات ایف سی چیک پوسٹ منتقل پہنچایا گیا جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ خضدار پہنچایا گیا۔
تینوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل عامر وحید ایف سی پنجگور رائفلز 59 ونگ کے کمانڈر تھے ۔ وہ پنجگور رائفلز کے نئے تعینات ہونیوالے کمانڈنٹ کرنل شجیع الرحمان قادری کو علاقے کا دورہ کرارہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔
قافلے میں پچاس کے قریب ایف سی اہلکار شامل تھے۔ لیویز حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ واشک کی سب تحصیل ناگ کے علاقے سکہ قلات مرغاب کور کے پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ اس علاقے کی سرحد دور دراز اور دشوار گزار علاقہ شورش زدہ ضلع آواران کی تحصیل مشکے سے بھی لگتی ہیں۔
دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں منڈو کے مقام پر موٹرسائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے موٹرسائیکل سوار علی مراد ولد مریف اور محمد خان ولد دلشان اقوام بگٹی زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کردیاگیا۔