کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گوادر میں دشتی مارکیٹ کے قریب دستی بم حملے کے نتیجے میں معصوم افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس واقعہ کو دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائی قراردیتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز دہشتر گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں کررہی ہیں جس کے باعث دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے۔ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کے حصول اور بچے کچھے دہشت گرد اپنی موجودگی کو ثابت کرنے کے لئے کمزور اہداف اور عام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کو سی پیک اور جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے منفرد مقام حاصل ہے یہاں پر باہر سے آنے والے سیاحوں، مہمانوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا اور بلوچستان کی صدیوں پرانی مہمان نوازی کی روایات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی روایات کو دہشت گردوں کے ہاتھوں پامال نہیں ہونے دیں گے۔ ہماری فورسز دہشت گردوں کا ہرجگہ پیچھا کرکے انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم قوم کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ میں امن قائم کرکے ترقی وخوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا اور امن دشمن عناصر کو شکست سے دوچار کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ہم بلوچستان اورپاکستان کی ترقی امن اورسلامتی کویقینی بنانے کیلئے 1965ء کی طرح اب بھی متحد ہیں اوراپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دشمن کے ارادوں کوناکام بنانے کیلئے پوری طرح پرُعزم ہیں۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ پاکستان کی صورتحال خاص طورسے بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں اسی دشمن کا ہاتھ ہے جس نے 1965ء میں ہم پر جارحیت کی تھی تاہم جس طرح قوم نے پاک افواج کے ساتھ مل کر اس وقت دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایاتھا آج بھی ہم اسی جذبے کے ساتھ دشمن کی تمام سازشوں کا نام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔آج ایک بارپھروطن عزیز دہشت گردی کا شکار ہے اورہمیں انتہاء پسندی اوردہشت گردی کو شکست سے دوچارکرناہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اورآپریشن ردالفساد کے ذریعے جو شاندارکامیابیاں حاصل کیں ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مضبوط مسلح افواج کا عزم آج بھی اتنا ہی بلند ہے جتنا 1965ء کی جنگ کے دوران تھا۔ہماری مسلح افواج وطن عزیز کا دفاع کرنے کی بھرپوراہلیت رکھتی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ 1965ء میں اسی روز بھارتی افواج نے بین الاقوامی سرحد عبور کرکے کسی وارننگ اوراعلان جنگ کے بغیر بزدلانہ اندازمیں پاکستان پر حملہ کیاتھا لیکن ہماری بہادرافواج نے نہ صرف بھارتی حملے کو روک دیابلکہ بھارتی افواج کوبھاری نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہاکہ 1965ء کی جنگ سے پاکستان ایک مضبوط اورخوداعتماد قوم کی حیثیت سے ابھرا،قومی یکجہتی کے باعث بین الاقوامی سرحد پر بھارت کی ننگی جارحیت کوناکام بنانا ممکن ہوا اوربھارت کو اس بلاجواز جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑی،یہ یقیناہماری بہترین روایت اورشاندار دن ہے جسے آنے والی نسلیں فخر سے یاد رکھیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن ہمیں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید ،سکوارڈن لیڈرعلاؤالدین ،سکوارڈن لیڈر ایم اے قریشی،سکوارڈن لیڈر سرفرازاحمدبھٹی،سکوارڈن لیڈرایم ایم عالم سمیت اُن تمام شہداء کو جنہوں نے قوم کی آزادی کو یقینی بنانے والی حیات بخش قربانی پیش کی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرناہوگا کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ 6ستمبر ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کا شکراداکرنا کا دن بھی ہے ہمیں پاکستان کوتحفظ اورسلامتی کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے دُعاکرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنی مقدس سرزمین کی حفاظت کرنے کی ہمت اورقوت عطاء کرے۔