ہرنائی: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو پشتونوں سے کوئی غرض اور ہمدردی نہیں بلکہ ان کی تمام تر توجہ اور دلچسپی صرف پشتونوں کی سرزمین کے وسائل میں ہے ، جنت نظیر وطن کے لوگ فاقوں سے مررہے ہیں کوئی پرسان حال نہیں۔
پشتون قومی حقوق کے حصول کے لئے کسی قربانی سے نہ پہلے دریغ کیا نہ اب دریغ کریں گے موجودہ حالات میں فکر باچاخان ہی میں پشتونوں کے حقوق کا دفاع اور ان کے مسائل کا حل پوشیدہ ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے شاہرگہ میں اے این پی تحصیل ہرنائی اور تحصیل شاہرگ کے اراکین سینئر رہنماؤں اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ،اصغر علی ترین، سید امیر علی آغا، جمال الدین رشتیا ، ضلع ہرنائی کے صدر ولی داد میانی بھی موجود تھے۔ اصغرخان اچکزئی نے کہا کہ پشتونوں کی سرزمین ہر طرح کے وسائل سے مالامال ہے اللہ تعالیٰ نے پشتونوں کو ہر طرح کے وسائل دیئے ہیں مگر جنت نظیر وطن کے لوگ فاقوں سے مررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو پشتونوں سے کوئی دلچسپی نہیں ان کی تمام تر دلچسپی ان وسائل سے ہے جو اللہ تعالیٰ نے پشتون وطن کو دیئے ہیں پشتونوں کو اس وقت جو مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لئے ہر پشتون پر بھرپور طریقے سے کردار ادا کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔
عوامی نیشنل پارٹی پشتون قومی حقوق کے حصول کے لئے ہمیشہ سے صف اول دستے کا کردار ادا کرتی آئی ہے پارٹی نے نہ صرف جمہوریت اور جمہوری حقوق کے حصول کے لئے شاندار جدوجہد کی بلکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور پشتون قومی حقوق کے لئے بھی پارٹی کی ایک شاندار اور قربانیوں سے بھرپور تاریخ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کا حصول عوامی نیشنل پارٹی کے لئے کبھی بھی اہمیت کا حامل نہیں رہا ہمارے لئے اقتدار سے زیادہ پشتون قوم کی وہ رائے اہم ہے جو وہ ہمارے بارے میں رکھتے ہیں پشتون قوم کا بچہ بچہ فخر افغان باچاخان ، رہبر تحریک خان عبدالولی خان ، مشر اسفندیار ولی اور عوامی نیشنل پارٹی کی دیگرقیادت کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ ہے اور پشتون قوم کا بچہ بچہ اے این پی کو اپنی قومی جماعت مانتا ہے ہمارے لئے یہی اہم ہے اور ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ ہم مرتے دم تک اپنے عوام کے اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو درپیش مسائل حل طلب ہیں اور یہ تمام مسائل قابل حل بھی ہیں مگر بدقسمتی سے حکمران ان مسائل کو توجہ نہیں دیتے اور پشتونوں کے مسائل سے آنکھیں بند کرکے چشم پوشی کی جارہی ہے جس سے لوگوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لئے مزید جدوجہد کریں اور پشتون قومی حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھیں ۔
حکمرانوں کو پشتون قوم نہیں پشتون سر زمین اور وسائل سے سر وکار ہے ،اصغر اچکزئی
وقتِ اشاعت : September 6 – 2017