|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2017

کوئٹہ: جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچانا ہونگے ‘ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں ایسے شعبوں کو شامل کیا جائے جو ہماری معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ‘ حکومتی و بلدیاتی نمائندوں میں اختیارات اور فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے میکنیزم ہونا چاہئے۔

یہ باتیں مشیر اطلاعات و نشریات سردار رضا محمد بڑیچ ‘ سابق صوبائی وزیر روشن خورشید بروچہ ‘سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال ‘دیہی ترقیاتی اکیڈمی کے ڈی جی حنیف بلوچ ‘ بلقیس طاہرہ اور ڈاکٹر شاہنواز نے مقامی ہوٹل میں بی آر ایس پی کے زیر اہتمام ’’مڈ ٹرم ری ویو فائینڈنگ بلوچستان کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کام کر کے ہی پائیدار و حقیقی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے انہوں نے یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا جس نے مختلف منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کئے جس کے تحت کمیونٹی سطح پر ترقیاتی کام کرائے گئے انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر کے ہی عام آدمی کو با اختیار بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے ثمرات عوام تک پہنچنا ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت و بلدیاتی نمائندوں میں اختیارات اورفنڈز کی تقسیم کے حوالے سے میکنیزم ہونا چاہئے انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پی کو لائیو اسٹاک و زراعت پر بھی توجہ دینا چاہئے کیونکہ یہ شعبے ہماری معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ٹیکنیکل ایجوکیشن میں بھی ان شعبوں کو شامل کیا جانا چاہئے ۔

سابق صوبائی وزیر روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ نچلی سطح پر اختیارات منتقل کر کے ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے انہوں نے بی آر ایس پی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم گراس روٹ لیول پر کام کر رہی ہے اور ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارا گھر ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کیلئے ہمیں ہی سوچنا ہوگا باہر سے کوئی آکر اس کی ترقی کیلئے نہیں سوچے گا البتہ فنڈز فراہم کر دئیے جائیں گے صوبے کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پی نے مشکل حالات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ایک ایسا بھی وقت آیا جب ادارے کو اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے گاڑیاں تک فروخت کرنا پڑیں کئی کئی ماہ تک ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں مگر اب یہ ادارہ نہ صرف فعال و منظم ہے بلکہ صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے دعا ہے کہ یہ ادارہ اسی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے صوبے کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے۔

سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بی آر ایس پی کے منصوبے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام خضدار ژوب جھل مگسی لورالائی میں دسمبر2013میں شروع کیا گیا جس کا دورانیہ 31مئی2017تک تھا بعد ازاں اس پروگرام کو چند ماہ کیلئے وسعت دی گئی دوسرے فیز میں اس پروگرام کا دائرہ پورے صوبے تک وسیع کیا جائیگا جس سے صوبہ ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گا ۔