کوئٹہ: مستونگ کے پہاڑی علاقے سے دو افرادکی کئی ہفتے پرانی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق مستونگ کے نواحی علاقے کابو میں پہاڑی سلسلے میں دو افراد کی لاشوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
اس اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی ایک خصوصی ٹیم علاقے میں بجھوائی گئی جس نے لاشیں تحویل میں لیکر کوئٹہ منتقل کردیں۔ ذرائع کے مطابق لاشیں کئی ہفتے پرانی ہونے کے باعث ہڈیوں کے ڈھانچے میں بدل گئی ہیں اور ناقابل شناخت ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جون کے اوائل میں کابو اور اسے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے بعد کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے کوئٹہ سے اغواء ہونیوالے دو مغوی چینی باشندوں کو مستونگ کے پہاڑی علاقے میں قتل کرنے کا دعویٰ کیاتھا۔
ان کی لاشیں تلاش کے باوجود نہیں مل سکی تھیں۔ لیویز اور سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو کابوسے ملنے والی لاشوں کی شناخت سے متعلق کچھ کہنا قبل از ہوگا ۔