میکسیکو میں جمعرات کو آنے والے شدید زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد حکام کے مطابق اب 90 ہو گئی ہے۔
یہ زلزلہ رچٹر سکیل پر آٹھ اعشاریہ ایک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صرف جنوب مغربی ریاست اوکساکا میں 71 افراد ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق سینکڑوں خاندان خوف سے سڑکوں پر رات گزارنے پر مجبور ہیں کہ کہیں پھر سے زلزلہ نہ آئے۔ میکسیکو کے زلزلہ ریکارڈ کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے آفٹر شاک کی صورت میں 721 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ایک صدی میں یہ اس ملک میں آنے والا شدید ترین زلزلہ تھا۔
جمعے کو ملک کا مشرقی حصہ ٹراپیکل طوفان کیٹیا کی زد میں آ گیا تھا اور دو افراد کی شدید بارش میں مٹی کے تودے گرنے سے موت ہو گئی۔زلزلے کے جھٹکے اس کے اصل مقام سے سینکڑوں میل دور تک محسوس کیے گئے اور اس سے اوکساکا اور چیاپاس کے علاقوں میں خاصی تباہی ہوئی ہے۔
سنیچر کو آنے والے طوفان میں سینکڑوں مکانات زد میں آ گئے۔ جہاں لوگوں کی موت ہوئی اسے علاقے کو پولیس نے گھیر رکھا ہے۔
سنیچر تک امدادی کارکن ملبے کے نیچے دبے افراد کی تلاش میں لگے ہوئے تھے۔
جمعرات کو آنے والے زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کا اعلاج کیا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے زلزلہ کے متاثرین کے لیے کیمپ لگائے گئے ہیں۔
زلزلے میں مرنے والے لواحقین اپنے سوگ میں ڈوبے یہاں دیکھے جا سکتے ہیں۔