|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا کہ پٹ فیڈر اور کھیرتھر کینال پر حکومتی عدم توجہی سوالیہ نشان ہے پٹ فیڈر اور کھیرتھر کینال کے نام پر سالانہ کروڑوں روپے کا فنڈ جاری ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود پٹ فیڈر اور کھیرتھر کینال میں ناقص بھل صفائی اور سلٹنگ کی وجہ سے آبی استعداد کار ہر سال کم سے کم ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاشتکار اور زمیندار آبی قلت کا شکار ہے ۔

بلوچستان میں ستر فیصد لوگوں کا تعلق زراعت اور لائیو اسٹاک سے وابستہ ہے پٹ فیڈر اور کھیرتھر کینال کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے نصیر آباد ڈویژن کے زمینداروں اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پہلے ہی شدید خشک سالی کا شکار رہا ہے بلوچستان کے زیادہ تر لوگوں کا تعلق زراعت اور لائیو اسٹاک ہے اس کے باوجود حکومت کی ان شعبوں میں عدم دلچسپی اور اس طرح پٹ فیڈر اور کھیرتھر کینال کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے صوبائی حکومت فورآ اس مسئلے پر توجہ دے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی عوام کی امید کی بھی آخری کرن ھے بلوچستان کو ستر سالوں سے مذہب اور قومیت کے نام پر لوٹا گیا آج بلوچستان کے حکمران ارب پتی بن گئے ھیں جب کہ بلوچستان کی عوام کی حالت ستر برسوں میں بھی نہیں بدلی ۔

اگر پاکستان تحریک انصاف کو خدمت کا موقع ملا تو انشاء اللہ بلوچستان کی عوام کو ان کے تمام جائز حقوق دلائیں گے آخر میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے نائب صدر ملک منیر کاکڑ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔