کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے ورلڈکرکٹ الیون کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی دوبارہ بحالی کے ساتھ ساتھ ملک میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کامظہرقراردیاہے اورکہاہے کہ یہ تاریخی دورہ اس بات کاثبوت ہے کہ دُنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاؤشوں اوران کے نتیجے میں پاکستان میں قائم ہونے والے امن کوسراہتی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ورلڈالیون کے دورے سے پاکستان کے بارے میں کیاجانے والامنفی پروپیگنڈہ زائل ہوگا اور ایک مثبت تاثراُبھرے گا۔
ورلڈالیون کے ساتھT-20میچوں کی سریز کا انعقاد ہمارے اُن شہدأ کی قربانیوں کے باعث ممکن ہوسکا جنہوں نے ملک وقوم کے تحفظ اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانیں قربان کیں جن میں سیکیورٹی فورسز اورعام شہری بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا اس کرکٹ سیریز کے انعقاد سے دُنیا کو واضح پیغام جائے گا کہ پاکستانی قوم پُرامن اورکھیلوں سے محبت کرنے والی ہے اورہم ایک مہمان نواز قوم ہیں جو اپنے مہمانوں کی دل سے عزت اورقدر کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں اورہمیں یقین ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے دیگرممالک کی ٹیمیں اب پاکستان میں کرکٹ کھیلنے میں کسی ہچکاہٹ کا شکار نہیں ہونگی،انہوں نے کہاکہ ورلڈالیون کے دورے کوممکن بنانے پر وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اوردیگرحکام کو مبارکبادپیش کرتے ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان میں بھی امن وامان کی صورتحال بہترہوچکی ہے اوریہاں بھی کرکٹ کے بین الاقوامی میچ منعقدہوسکتے ہیں،کوئٹہ میں بین الاقوامی معیارکاکرکٹ اسٹیڈیم موجودہے اوربلوچستان کے عوام بھی کرکٹ سے والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں لہٰذاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے جلد رابطہ کرکے آئندہ کسی غیرملکی کرکٹ ٹیم کے دورے کے دوران کوئٹہ میں بھی میچ کے انعقاد کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈالیون کے ساتھ کرکٹ سیریز سے شائقین کومعیاری کرکٹ دیکھنے کوملے گی اوروہ دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے دیکھ سکیں گے ۔
پاکستان میں عالمی کر کٹ کی دوبارہ بحالی ملک میں امن کا ثبوت ہے، نواب ثناء زہری
وقتِ اشاعت : September 12 – 2017