کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک کے خلاف پولیس کو چکما دے کرعدالت سے فرار ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔ غفلت برتنے پر پولیس سب انسپکٹر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق دوافراد کے قتل کے مقدمے میں نامزد پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر اور سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کی عبوری ضمانت ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ نے پیر کوخارج کردی تھی۔جس کے بعد عدالت میں موجود علی مدد جتک پولیس کو گرفتاری دینے کی بجائے فرار ہوگئے تھے۔
سول لائن پولیس تھانہ میں منگل کو علی مدد جتک کے خلاف پولیس کو چکما دے کر فرار ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر157/17 دفعہ 223،224،225/Aت پ کے تحت سی آئی اے پولیس کے سب انسپکٹر محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے گئے تاہم پولیس کو کامیابی نہیں مل سکی۔پولیس حکام کے مطابق فرائض میں غفلت برتنے پر سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کے انویسٹی گیشن سب انسپکٹر محمد اشرف کو بھی مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
علی مدد جتک کے خلاف پولیس کو چکما دے کر فرار ہونے کا مقصد درج کر لیا گیا
وقتِ اشاعت : September 13 – 2017