|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2017

جناب وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیرتعلیم ، سیکریٹری کالجز، ایم پی اے گوادر میرحمل کلمتی، چئیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی ، ڈپٹی کمشنر گوادر،چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوادر 

آپ سب کی توجہ گورنمنٹ ڈگری کالج گوادر کی جانب مبذول کراتے ہوئے اْمید رکھتا ہوں کہ آپ گوادر کے ہونہار طْلباء کی داد رسی کرتے ہوئے اْنکے آنے والی کل کو تابناک بنانے میں پدرانہ کردار ادا کرینگے ۔

جناب والا! ایک مہینہ ہوچکا ہے بلوچستان کے تمام تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کا عمل جاری ہے لیکن گورنمنٹ ڈگری کالج گوادر کے کلاس رومزمیں تا دمِ تحریر تالا لگا ہوا ہے، اس بارے جب ہم نے ایک ماہ قبل کالج ہذٰا کے ذمہ داران سے بات کی تو ہمیں طفل تسلیاں دی گئیں کہ اگلے دن یا ہفتہ کو کالج کھل جائیگا مگر ایسا نہ ہوا اور مہینہ گزرنے کے باوجود صورتِحال وہی کی وہی ہے ۔

جناب والا !جب آج ہم کالج کْھلنے کی امیدیں لیکر کالج پہنچے ، تو پرنسپل صاحب کے آفس سمیت ،کلاس رومز اور اسٹاف رومز ویرانی کا منظر پیش کررہے تھے اور کالج کے ذمہ داران اپنے فرائضِ منصبی پوراکرنے سے یکسر قاصر رہے ۔

حیرانگی کی بات یہ ہے کہ 12ستمبر سے BA,BSCکے امتحانات شروع ہو نے سے ایک روز قبل امیدواروں کی بڑی تعداد اپنے رول نمبر سلپ لینے کے لئے آئے تھے لیکن کلریکل اسٹاف غیر موجود تھااور آفس میں تالا لگا ہوا تھا جس کے سبب زیادہ تر طلباء مایوس لوٹے اور کلریکل اسٹاف نے حسب روایت11بجے اپنے مرضی سے آفس کھولا ۔

آپ سے التجا ہے کہ گوادر کے بڑے تعلیمی ادارے کی جانب توجہ دیں اور طلباء کے تعلیمی سال کو تباہ ہونے سے بچائیں۔

آپ کے نظرِ کرم کا طلبگار
طلباء گورنمنٹ سید ظہورشاہ ہاشمی ڈگری کالج گوادر