کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ژوب میں کارروائی کے دوران اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا گیا۔
سیکورٹی حکام کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے تقریباً پندرہ کلو میٹر دور رودبن کے مقام پر ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ مبینہ اطلاع پر کارروائی۔
اس دوران مسلح دہشتگردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جوابی فائرنگ میں دو دہشتگرد مارے گئے جن کے قبضے سے ایک عدد تیس بور بول ، ایک کلاشنکوف بمعہ تین عدد میگزین اور 72کارتوس برآمد کرلئے گئے۔
ہلاک دہشتگردوں کی شناخت سعید ولد امیر سکنہ بالیچہ اور امجد علی ولد گہرام سکنہ مند کے نام سے ہوئی ہے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق ہلاک ہونیوالا سعیدکالعدم تنظیم کا علاقائی کمانڈر تھا۔
ادھر ژوب کے پاک افغان سرحدی علاقے قمر الدین کاریز میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسلحہ میں ایک راکٹ لانچر، چھ بارودی سرنگیں،دو عدد دیسی ساختہ بم اور بارودی مواد بھی شامل ہیں۔
ڈیرہ بگٹی میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں کالعدم تنظیم بی آر اے شوکی کیمپ کے تین دہشت گرد ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔
دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود چیف آف کلپر جلال کلپر اور سیکورٹی ادارے کے حکام کے حوالے کرتے ہوئے پاکستان کی وفاداری کا حلف اٹھایا ۔ہتھیار ڈالنے والے دہشت گرد فورسز ، گیس تنصیبات پر حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے ۔
کوہلو میں بم دھماکے سے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔لیویز کے مطابق کوہلو کے علاقے باریلی میں کاہان روڈ پر ایف سی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا