کوئٹہ: کوئٹہ میں سکول کے بچوں کی بس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام ، بم دھماکے سے بس ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔ بس میں سوار تقریباً100بچے محفوظ رہے۔
لیویز حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح سات بجے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج کے قریب پی ایم ڈی سی کے ملازمین کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر بم حملہ کیا گیا ۔ دھماکے سے بس کے اگلے حصے کو جزوی نقصان پہنچا۔ اگلا شیشہ لگنے سے سے بس ڈرائیور معمولی زخمی ہواتاہم بس میں سوار تمام بچے محفوظ رہے۔
بس پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین اور علاقے کے تقریباً سوبچوں کو اسکول اور کالج کیلئے سورینج سے کوئٹہ لے جارہی تھی۔ لیویز کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول بم کا تھا جو سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔
واقعہ کے بعد لیویز نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا،دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ہنہ کے علاقے میں پی ایم ڈی سی کی بس کے قریب بم دھماکے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے فوری طور پر آئی جی پولیس اور کمشنر کوئٹہ سے رابطہ کرکے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور بم دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت اور مؤثر بنایاجائے۔
نگرانی کے نظام کو بھی مزید فعال کیا جائے تاکہ دہشت گردوں کو کسی قسم کی کاروائی کا موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ایسے دشمن سے ہے جو چھپ کر بزدلانہ طریقے سے وار کرتا ہے اور اس کے نزدیک انسانی اقدار اور اخلاقیات کی کئی وقعت نہیں لہٰذا سیکیورٹی اداروں کو ہر دم چوکس اور مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔
کوئٹہ سکول بس اڑانے کی کوشش نا کام ڈرائیور زخمی ، وزیر اعلیٰ کی مذمت
وقتِ اشاعت : September 27 – 2017