|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2017

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ق بلوچستان کے پارلیمانی گروپ کا اہم اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر اورصوبائی وزیر ریونیو و ٹرانسپورٹ شیخ جعفرخان مندوخیل منعقد ہوا ۔

اجلاس میں پارلیمانی گروپ کے تمام ممبران اور پارٹی کے سینئر رہنماء سعید احمد ہاشمی بھی خصوصی طورپر شریک ہوئے ۔مسلم لیگ ق بلوچستان کے پارلیمانی اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اورتمام امور کا بغور جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ الیکشن کی تیاریوں کیلئے بھی غوروخوص ہوا ۔

اجلاس میں گزشتہ دنوں معاون خصوصی کے تقرراورا س کے بعد بیانات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جس میں کیا گیا کہ مسلم لیگ ق آئندہ الیکشن میں بھر پور کردار ادا کریگی اور جو لائحہ عمل آج کے اجلاس میں طے کیا گیا ہے اس کے مطابق تمام دوستوں اور ہم خیال ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ہمارا کردار بڑا اہم اور فیصلہ کن ہوگا ۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ مسلم لیگ ق کا پارلیمانی گروپ جلد وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ملاقات کریگا جس میں اہم امور پر بات چیت ہوگی ۔

مسلم لیگ ق نے 2013ء کے الیکشن ہوتے ہی سب سے پہلے نواب ثناء اللہ خان زہری کے ساتھ دینے کا اعلان کیا اورآج تک ہم انکے ساتھ ہیں اور ہر موقع پر ہمارا مکمل تعاون اور ساتھ نواب ثناء اللہ خان زہری کو حاصل رہا جوکہ آئندہ بھی حاصل رہے گا تاہم پارٹی کے کچھ تحفظات ضرورہیں اور کچھ ایسے معاملات موجود ہیں جس پر وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے بات کی جائیگی ۔

ہم چاہتے ہیں کہ تمام خدشات اور تحفظات کا تدراک ہو اور ان کو دور کرنا ضروری بھی ہے تاکہ آئندہ کیلئے نہ تو کوئی غلط فہمیاں پید ا ہوں اور نہ ہی تحفظات کی کوئی گنجائش باقی رہے ۔

مسلم لیگ ق کے اجلاس میں معاون خصوصی کے تقرر اور پھر بیانات پر ممبران نے افسوس کا اظہا ر کیا اور اجلاس میں کہا گیا کہ وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے امید ہے کہ وہ ایسے معاملات کا تدراک کرائیں گے اور مسلم لیگ ق ایک علیحدہ سیاسی وپارلیمانی جماعت ہے اور وزیراعلی سے یہ بھی توقع ہے کہ پارٹی کے ساتھ مثبت اور برابری کا رویہ رکھیں گے ۔

مسلم لیگ ق نے نہ تو کبھی پہلے کسی کو دھوکہ دیا ہے اور نہ آئندہ ایسا کوئی خیال ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ تمام اراکین اسمبلی کو سپورٹ کیا جائے کیونکہ یہ الیکشن کا سال ہے اور ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں کارکردگی بھی دکھانی ہے اور عوام کو اعتماد میں بھی لینا ہے ۔