کوئٹہ +سبی: کوئٹہ، سبی ،چمن ، بولان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت 6افراد کو قتل کردیاگیا ،پولیس کے مطابق تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں سریاب روڈ کلی بنگلزئی کے قریب نامعلوم افراد نے 40سالہ احمد خان ولد قمبر خان سومرو کو اس وقت گولیاں مار کر قتل کردیا جب وہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا ۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی۔ لاش ایمبولنس کے ذریعے سول ہسپتال کوئٹہ پہنچائی گئی جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ مقتول کو دو گولیاں سر، دو کمر، ایک گردن اور ایک بائیں ہاتھ پر ماری گئی ہے۔
احمد خان اتحاد کالونی کرانی روڈ کوئٹہ کا عارضی رہائشی اورجیکب آباد کا مستقل باشندہ تھا اور بلوچستان یونیورسٹی میں دھوبی کا کام کرتا تھا ۔قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے،سبی سٹی تھانے کی حدود میں چونگی قبرستان کے مقام پر اسماعیل ولد درمحمد ڈومکی سکنہ سات مرحلہ کو جدید اسلحہ سے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ۔
واقعہ کے بعد مقامی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر سول ہسپتال سبی لے جایا گیا جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے ھوالے کردیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ، سبی کے قریبی دیہات لیویز تھانہ تلی کی حدود میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر بھائی نے جدید اسلحہ سے فائرنگ کرکے اپنی بہن سمیت دوافراد کو قتل کردیا اور اسلحہ سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا رات گئے تک لاشیں سول ہسپتال سبی نہ پہنچی جس کے باعث قتل ہونے والے افراد کے ناموں کی تصدیق نہ ہوسکی۔
مزید تحقیقات لیویز تھانے تلی نے شروع کردی ،لیویز نے ملزم کو گرفتار کر لیا لیویز کے مطابق بدھ کو چمن کے علاقے کلی غوث اللہ میں جھگڑے کے دوران چاکو کے وار سے عزیزاللہ نامی شخص جاں بحق ہوگیا ۔
لیویز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم زکوم ولد حرمت کو گرفتار کرلیا اور اسکے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ،لیویز کے مطابق گزشتہ روز ضلع بولان کے علاقے بھاگ ناڑی کے نواح میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے مسماۃ (ف) کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرارہوگیا اس سلسلے میں متعلقہ لیویز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
کوئٹہ ،سبی ،بولان اور چمن میں دو خواتین سمیت 6 افراد قتل
وقتِ اشاعت : September 28 – 2017