|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارٹی قومی جمہوری سیاسی و نظریاتی قوت ہے اس حوالے سے بلوچستان کے قومی جملہ مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت ثابت قدمی کے ساتھ عوام کے اجتماعی مفادات کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے رہنماء و کارکن بھرپور انداز میں بلوچستان بھر میں 2018ء کے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں اور عوام رابطہ مہم شروع کر کے ووٹ کے اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی کی قیادت و رہنماء و کارکنوں نے عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑا بلکہ ان کے اجتماعی و قومی وسیع تر مفادات کی خاطر بے شمار قربانیاں دیں نظریاتی و جمہوری سیاست کے فروغ کیلئے ہماری جدوجہد غیرمتزلزل رہی ہے عوام کے احساسات و جذبات کے عین مطابق مثبت سوچ کو پروان چڑھاتے ہوئے سیاسی فکر کو تقویت دی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے اور اب بھی ساتھ دیں گے عوام جانتے ہیں کہ بی این پی سیاسی قوت ہے جو عوام کے دکھ درد و جملہ مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتی ہے ہم نے ہمیشہ عوامی مفادات کی ترجمانی کی ہے سیاست میں گروہی مفادات کی تکمیل کو اہمیت نہیں دی بلکہ بلوچستان کے وسیع و قومی مفادات کیلئے جہد کر کے ثابت کیا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے ۔