|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2017

کوئٹہ:  انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب اپنی مدت ملازمت کی تکمیل پر آج 30 ستمبر کو ریٹائرڈ ہورہے ہیں جبکہ حکومت نے نئے آئی جی پولیس بلوچستان کی تعیناتی کے لئے سینئر آفیسران محمد ایوب قریشی ، معظم جاہ انصاری اور عبدالرزاق چیمہ کے ناموں پر غور شروع کردیاہے ۔

باخبر ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان محمد ایوب قریشی کی بطور آئی جی پولیس بلوچستان تعیناتی کا قوی امکان ہے کیونکہ محمد ایوب قریشی کا شمار بلوچستان پولیس کے محنتی ، فرض شناس ، ایماندار اور قابل آفیسران میں ہوتا ہے اور بطور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس تعیناتی کے دوران بلوچستان میں انہوں نے محکمہ پولیس میں کئی۔

اصلاحات لانے سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ان کی خدائیداد صلاحیتوں کی بدولت محکمہ پولیس کا ہر جوان محمد ایوب قریشی کے ساتھ ڈیوٹی کا فریضہ سرانجام دینے میں خوشی کا اظہار کرتا ہے ۔

سی پیک کے تناظر میں گوادر اور بلوچستان کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کے پیش نظر صوبے میں دبنگ پولیس آفیسر کی بطور انسپکٹر جنرل پولیس تعیناتی ناگزیر ہے جو نہ صرف میرٹ پر پولیس کے محکمہ کو پیشہ ورانہ انداز میں چلائیں بلکہ عالمی و علاقائی صورتحال کے پیش نظر درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے بھرپور حکمت عملی کے ساتھ اپنا قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان کو امن کا گہوارہ بناسکیں۔