|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا منصوبہ بنانے والے تین دہشتگردوں کو بارود سے بھری گاڑی سمیت پشین سے گرفتار کرلیا گیا۔ کوہلو میں بھی بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے پشین کے شمالی علاقے طورے شاہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران بارودی سے بھری گاڑی برآمد کرلی گئی۔ کارروائی کے دوران منصوبے کے ماسٹر مائنڈ کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے بحرم الحرام کے دوران کوئٹہ میں فرقہ وارانہ بنیاد پر دہشتگردی پھیلانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ دوسری جانب کوہلو میں لیویز نے کارروائی کے دران بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا۔ 

ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا نبیل اختر نے پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے برآمد شدہ اسلحہ کی نمائش کی اور بتایا کہ کوہلو کی تحصیل کاہان میں لیویز اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران 7عدد ٹینک شکن بارودی سرنگیں ، 3 عدد دستی بم، دو عدد لائٹ مشین گن ، ایک عدد جرمن ساختہ رائفل،ایک عدد مارٹر گن، 5عدد راکٹ فیوز، 400میٹرڈیٹونیٹنگ کارڈ، ایک کلو بارودی مواد، دو عدد پستول ٹائم بم کے150فیوزاورلائٹ مشن گن کے 477 راؤنڈز شامل ہیں۔ 

ڈپٹی کمشنر کوہلو نے بتایا کہ برآمد ہونیوالا اسلحہ تخریب کاری و دہشتگردی میں استعمال کیا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے عزائم ناکام ہوگئے۔