کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں70سالوں سے قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے عوام میں نفرتوں کے بیج بوئے اور اپنی جیبیں بھرکر بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔
ہمارے نوجوان غلط راستے پر بھٹک رہے ہیں انہیں پہاڑوں پر بھیج دیا گیامیں پہاڑوں پر جانے والوں اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوکر عوام اورملک کی خدمت کریں ۔
حکمرانوں نے ناموس رسالت قانون میں ترمیم کرکے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی مذموم کوشش کی لیکن عوام نے موجودہ حکمرانوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیاختم نبوت کیلئے ملک کا ہر نوجوان اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہے لیکن ختم نبوت کے قانون میں کسی بھی ترمیم کو ہرگز قبول نہیں کریگا۔
یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ،ملک نصیب اللہ شاہوانی ، حاجی ریاض شاہوانی ، ماسٹر علی احمد شاہوانی ، محمد عثمان مینگل ،سفر خان زہری ،ملک جمال خان کاکڑ نے کلی بارکزئی سریاب میں ملک باز محمد مینگل ،حاجی غلام سرور ، ماما حسین خان مینگل ڈاکٹر شیر علی لہڑی اوردیگر کی اپنے دیگر ساتھیوں سمیت قوم پرست جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مقررین نے کہا کہ قوم پرستی کے نام پرووٹ حاصل کرنے والوں نے کرپشن اوربدعنوانی کے سوا کچھ نہیں کیا بلوچستان خصوصاً کوئٹہ میں پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے بدامنی ،بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ اپنے عروج پر ہے صوبے کے غریب زمینداروں کی زراعت تباہ ہو کررہ گئی ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کا بالکل احساس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ70سال سے قوم پرستی اور مذہب پرستی کے نام پر ووٹ لینے والوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے یہاں کے عوام کے پیسے لوٹ کر دوبئی اوردیگر ممالک میں جائیدادیں بنائیں انہیں عوام سی کوئی سروکار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھاکر ووٹ حاصل کرنے والوں نے کامیابی کے بعد آج تک علاقے کا دورہ تک نہیں کیا کہ یہاں کے عوام کس حال میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 ء میں ہونے والے انتخابات میں بھی بلوچ اور پشتون قوم پرستوں نے عوام کو آپس میں لڑاکر ووٹ حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے لیکن عوام اب انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے ہمارے پڑھے لکھے نوجوانوں کو غلط راستے پر ڈالا اورانہیں پہاڑوں پر بھیج دیا گیامیں پہاڑوں پر جانے والوں اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک اور اپنے عوام کی خدمت کریں ۔
انہوں نے کہا کہ اب نوابوں ،سرداروں کا دور ختم ہوگا آنے والے وقت میں پی پی پی کا جیالا وزیراعلیٰ اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہونگے اور بلوچستان میں کوئی مخلوط حکومت نہیں بنے گی بلوچستان پیپلز پارٹی کا مرکز بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ جیالوں کا گھر ہے ایک بار پھر بلوچستان کی سڑکوں پر جیئے بھٹو کے نعرے بلند ہورہے ہیں نام نہاد لیڈر جیل جاکر مچھروں سے گھبرا کر بیرون ملک بھاگ گئے اور کچھ بنی گالہ میں چھپ گئے لیکن ہمارے کارکنوں اور لیڈروں نے جیلیں کاٹیں اور حتیٰ کہ پھانسی کے پھندے کو قبول لیا لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
ہمارے کارکنوں کی تربیت عوام کے حقوق کیلئے کی گئی ہے نہ کہ ذاتی مفادات کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی لسانیت ،مذہب ،قومیت سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ماضی میں ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں اب بھی کہا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے لیکن یہ لوگوں کی غلط فہمی ہے ۔
پیپلزپارٹی کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،آغاز حقوق بلوچستان پیکج سمیت صوبے کیلئے کئی بڑے منصوبے شروع کئے گئے جس سے لوگوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی میں عوام کی بڑی تعداد میں شمولیت سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پیپلزپارٹی ہی بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی واحد نمائندہ جماعت ہے ۔
پاکستان میں عدم برداشت کا ماحول اور معاشی بدحالی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے غریبوں کو موت کی نیند سلایا جارہا ہے آج ہر انسان روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگارہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے یار سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں سی پیک کو ناکام بنانے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا یہ منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کو مضبوط اور ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کا منصوبہ ہے اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے پاس حکومت تو ہے لیکن اصل عوامی طاقت ہمارے ساتھ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اوراسکی اتحادی جماعتوں نے ناموس رسالت قانون میں ترمیم کرکے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی مذموم کوشش کی لیکن عوام نے موجودہ حکمرانوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیاختم نبوت کیلئے ملک کا ہر نوجوان اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہے لیکن ختم نبوت کے قانون میں کسی بھی ترمیم کو ہرگز قبول نہیں کریگا۔
انہوں نے نئے شمولیت کرنے والوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سریاب کے عوام نے ایک پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا اچھافیصلہ کیا ہے پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔
پہاڑوں پر جانیوالے بھٹکے بلوچوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آکر قومی دھارے میں شامل ہوں ،علی مدد جتک
![]()
وقتِ اشاعت : October 7 – 2017