کوئٹہ: کوئٹہ میں چرچ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات تھانہ سریاب کی حدود میں ارباب کرم خان روڈ کے علاقے شاہ زمان اسڑیٹ میں واقع عیسائی عبادت خانے پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو چرچ کے احاطے میں بیرونی دیوار کے ساتھ گر کر دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے سے دیوار کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حملے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ اطلاع کی ملتے ہی پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
دریں اثناؤزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شاہ زمان روڈ پر واقع چرچ پر کریکر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو عبادت گاہوں اور عوامی مقامات کی سیکورٹی کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے گشت کو بڑھایا جائے اہم مقامات پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں کی نفری میں اضافہ کیا جائے اور شہر کے داخلی راستوں کی نگرانی کے نظام کو مزید سخت کیا جائے
کوئٹہ چرچ پر دستی بم حملہ ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
وقتِ اشاعت : October 8 – 2017