|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 6میڈیکل سٹور مالکان کی عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جبکہ 2میڈیکل سٹورمالکان کو اشتہاری قراردینے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔

گزشتہ روز غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد حنظلہ میڈیکل سٹور اور سپر سلمان میڈیکل سٹور کے مالکان ایک مرتبہ عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کے خلاف زیر دفعات87,88کی کارروائی کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد کشمیر میڈیکل سٹور کے محبوب شاہ ،کائنات سٹور کے محمدیعقوب ،الہام میڈیکل سٹور کے حکمت اللہ ،مدینہ میڈیکل سٹور کے عبدالرؤف ،عتیق ٹریڈرز کے سلیم زمان کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔

اس موقع پر غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت میں نامزد مختلف ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹورمالکان کیخلاف مقدمات کی بھی سماعت ہوئی جن میں سے بعض میں گواہان استغاثہ کے بیانات بھی قلم بند کئے گئے۔بعدازاں کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی ۔