|

وقتِ اشاعت :   October 19 – 2017

 اسلام آباد: پی ٹی آئی کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی عدالتی تاریخ کا اہم دن ہے اور ثابت ہوگیا کہ پاپا ہی پاپی ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت چلی تو تاریخی مقدمہ بھی چلا اور ملکی تاریخ کا سب سے بڑا خاندان عدالت عظمیٰ کے سامنے کھڑا ہوا اور ملزم نامزد ہوگیا، آج پاکستان کی عدالتی تاریخ کا اہم اور سب سے بڑا دن ہے جس میں نوازشریف، صاحبزادی مریم نواز اورداماد کیپٹن(ر) صفدر پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جب کہ حسن اور حسین نواز پہلے ہی اشتہاری قراردیا جاچکا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم عدالتی کارروائی سے مطمئن ہیں کہ سکون سے مقدمہ آگے بڑھ رہا ہے، نوازشریف اور ان کا خاندان ملزم نامزد ہوچکا ہے اور ثابت ہوگیا کہ پاپا ہی پاپی ہیں، مریم نواز کہتی تھیں کہ ان کی پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں لیکن آج سب سامنے آگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  لاہور اسلام آباد موٹروے کا بجٹ 16 ارب تھا جو 21 ارب تک لے جایا گیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سے لندن فلیٹس بنائے گئے شریف خاندان 3 فلیٹس کی مالک رہی ہے لیکن اس سے بھی اہم مقدمات عزیزیہ اسٹیل مل اور ایف زیڈ آئی سمیت دیگر کیسز ہیں اور اگر جے آئی ٹی کا والیم 10 بھی سامنے آگیا تو پتہ نہیں کن کن ممالک میں نوازشریف اور ان کے خاندان کے کاروبار سامنے آئیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں شریف خاندان کے علاوہ بھی سیکڑوں افراد کے نام ہیں ایف بی آر اور نیب بتائے کہ کیا ہمیں ایک اور تحریک چلانا پڑے گی، کیا پاکستان ایک بنانا ری پبلک ہے جہاں ہر کام کے لئے شہر بند کرکے احتجاج کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدمات کو پاناما کے ساتھ تشبہہ دینا بھی گناہ ہے، ان کیسز کا نوازشریف کے مقدمات سے کوئی تعلق نہیں۔