ghazan-marri

|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2017

کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے قتل ، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات اور کالعدم تنظیم کی مدد کے مقدمات میں نوابزادہ گزین مری سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ انسداددہشتگردی عدالت نے گزین مری کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع کردی۔ 

محکمہ داخلہ بلوچستان کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سات رکنی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ کریں گے ۔ٹیم کے ممبران میں کرائم برانچ، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی ، آئی ایس آئی، ایم آئی کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ مقدمے کے تفتیشی آفیسر بھی شامل ہوں گے۔ 

جے آئی ٹی گزین مری کے خلاف تھانہ انڈسٹریل میں درج کئے گئے مقدمہ نمبر81/2015زیر دفعہ302،224 ق د،34ت پ ،07/ATAاور مقدمہ نمبر84/2015زیر دفعہ120/B,109,34ت پ ،21/I،11/F،11/X۔ 07/ATAکی تفتیش کرے گی اور ایک مہینے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

دریں اثناء گزین مری کو پولیس نے قتل ، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کئے گئے متذکرہ بالا مقدمے میں سابقہ ریمانڈ ختم ہونے پر آج دوبارہ انسداد دہشت گردی عدالت کوئٹہ میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے مزید پندرہ دن کاریمانڈ دینے کی درخواست کی تاہم عدالت نے ملزم کی ریمانڈ میں آٹھ دن کی توسیع کی۔