کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری سے کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے جمعہ کے روزوزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سیکیورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اوردہشت گردی کے خاتمے اورامن کی بحالی کیلئے متعلقہ سول اورعسکری اداروں کے باہمی تعاون پر اطمینان کااظہارکیاگیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اورکمانڈرسدرن کمانڈ نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے مضبوط عزم کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز اورعام شہریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا،اوردہشت گردی کے ذریعے ملک اورصوبے کی ترقی اورسی پیک منصوبے کے خلاف تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایاجائے گا۔
ملاقات کے دوران ملک کے دفاع اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدأ کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پُرامن بلوچستان مستحکم پاکستان کی علامت اورضمانت ہے ،بلوچستان اورپاکستان کے امن استحکام کیلئے سیاسی اورعسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی قوم کیلئے باعث اطمینان ہے ،وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک افواج کی کامیاب کوششوں کوسراہا۔
انہوں نے حال ہی میں تعینات ہونے والے کمانڈرسدرن کمانڈ کیلئے نیک خواہشات کااظہاربھی کیا۔کمانڈرسدرن کمانڈ نے اس موقع پرکہاکہ بلوچستان میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج صوبائی حکومت کی بھرپورمعاونت جاری رکھے گی۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ پولیس فورس کے مورال کو بلند کرکے اورفورس کے استعدادکارمیں اضافے سے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ عمومی جرائم کے خاتمے کا ہدف حاصل ہوسکتاہے۔
حکومت پولیس کی فلاح وبہبود ،سہولیات کی فراہمی اورفورس کی تعدادمیں اضافے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجنہوں نے جمعہ کے روزیہاں ان سے ملاقات کی۔
صوبائی وزرأ شیخ جعفرخان مندوخیل،محمدخان لہڑی ،رکن صوبائی اسمبلی پرنس علی بلوچ،سابق صوبائی وزیرفائق علی جمالی اورچیف سیکرٹری بلوچستان اورنگ زیب حق بھی اس موقع پر موجودتھے۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کوگائیڈلائن دیتے ہوئے کہاکہ پولیس افسران اوراہلکاروں کو حکومت کی ترجیحات ،عوام کی توقعات اوراپنے فرائض سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے ،انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی فورسز کو خودانحصاربناکر پیروں پر کھڑاکرناہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اے ٹی ایف کی تعداد کو 10ہزارتک بڑھایاجائے اورسی ٹی ڈی کو تمام سہولیات فراہم کرکے مستحکم بنیادوں پر استوار کیاجائے،پولیس کے تمام شعبوں کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے خصوصی تربیت فراہم کرکے فورس کی استعدادکارمیں اضافہ کیاجائے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پولیس AاورBایریا سے قطع نظرشرپسندوں کے خلاف کاروائی کرے اورپولیس اورلیویز فورس کے اشتراک کو بڑھایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ محنت اورخلوص نیت سے فرائض کی ادائیگی سے کامیابی ملے گی ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ جلد ڈویژنل سطح پر پولیس درباروں سے خطاب کریں گے اورپولیس فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے انہیں خصوصی پیغام دیں گے۔اس موقع پر آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی گائیڈلائن کے مطابق حکومتی ترجیحات اورپالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے گا۔
ملک اور صوبے کی ترقی و سی پیک منصوبے کیخلاف دہشتگردوں کے تمام عزائم ناکام بنادینگے،نواب زہری
![]()
وقتِ اشاعت : October 21 – 2017