|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2017

تربت+سبی+صحبت پور: سبی میں نامعلوم افراد کا لیویز پرحملہ جس میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ تربت اور صحبت پور میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ۔

سبی سے نامہ نگار کے مطابق مل گشکوری کے قریب لیویز پکٹ بیس ون میں ڈیوٹی پر موجود لیویز بازگیر اہلکارمحمد یونس ولد چھٹا خان گورچانی پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا اور جاتے ہوئے ملزمان نے لیویز اہلکار کی سرکاری رایفل بھی ساتھ لے گئے واقع کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے آفیسران جائے وقوعہ اور سول ہسپتال پہنچ گئے ۔

لیویز فورس نے لاش کو ضروری کاروائی کے لئے ڈویژنل ہیڈ کواٹر ہسپتال سبی پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروں نے ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دیا بعد ازیں شہید لیویز اہلکار محمد یونس کے میت کو قومی پرچم کے ساتھ لپیٹ کر پولیس کے دستے نے سلامی دی ۔

نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر سیف اللہ کھیتران ،ڈی آئی جی نصیر آباد شرجیل کھرل،کمانڈنٹ سبی سکاوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ ، تحصیلدار سبی نصیر ترین ، نائب تحصیلدار میر غلام مرتضیٰ رند،لیویز رسالدار میر عارف مری ،میر شہباز خان باروزئی سمیت ضلعی آفیسران ، لیویز فورس کے جوانوں اور علاقہ معتبرین ومعززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

شہید اہلکار محمد یونس کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سبی کے مقامی قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا ،علاوہ ازیں ڈ پٹی کمشنر سبی میر سیف اللہ کھیتران نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ دہشت گردی کا ہے

لیویز فورس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں بہت جلد ملزمان گرفتار ہونگے۔

صحبت پور کے علاقے پولیس تھانہ ملک محمد علی کے گوٹھ سکندر خان میں ایک شخص محمد علی نے فائرنگ کرکے چاکر جھکرانی نامی شخص کو قتل کردیا لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرد یا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش متعلقہ پولیس کررہی ہے ۔

یہاں آمدہ اطلاعا ت کے مطابق گزشتہ روز تربت کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی جس کو ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔