اسلام آباد: وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے ستمبر 2017ء کی رپورٹ جاری کر دی ۔
کمیشن نے گزشتہ ماہ کے دوران مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے268کیسوں کی سماعت کرتے ہوئے 44کیس نمٹا دئیے،ایک خاتون سمیت 37فراد کو بازیاب کرایا گیاجبکہ گزشتہ ماہ کے دوران کمیشن کے پاس مبینہ طور پر جبری گمشدگی کے 58نئے کیس درج ہوئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد1386ہوگئی ہے ۔
اتوار کوکمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق ستمبر 2017کے دوران چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال، جسٹس (ر)ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے268کیسوں کی اسلام آباد ،لاہوراورکراچی میں سماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے ، ستمبر میں کیسوں کی تفصیلی سماعت کے دوران37لاپتہ افراد کا سراغ لگایاگیا۔
جبکہ7افراد کے کیس جبری گمشدگی کے زمرے میں نہ آنے پر فہرست سے خارج کر دیے گئے،جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں حاجی رمضان ، زمان احمد ، محمد یوسف ، شہزاد احمد ، سید جواد حسین ، سید افتخار حسین ، عزیز الرحمان ، انوار مسیح ، محمد عامر، محمد انور خان ، عمر یار، طلال محمد انور ، شاہجہان خان ،زیشان محمد ، زیبت خان ، محمد کمال ، عثمان ضیاء ، محمد اسلام ، محمد اصغر، محمد یوسف، نور رحمان ، حافظ عبدالرحمان ، محمد طاہر ، علی حسن ، حمزہ اقبال انصاری ، ندیم خورشید، تسلین بی بی ، محمد نعیم ،طلحہ احمد ، منطحہ، حشمت اللہ ، محمد اشرف ، توفیق ابڑو، محمد عمر ، شیرا ز عثمان اعوان اور محمد نعیم شامل ہیں ۔ جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں بعض بحالی مراکز میں ہیں جبکہ بعض کے خلاف فوجی اور سول عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں اور وہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی حراست میں ہیں ۔
ستمبر میں کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کے58نئے کیس درج کرائے گئے اس طرح اب کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 1386ہو گئی ہے ،رواں ماہ کے دوران کمیشن کے ارکان اسلام آباد ، لاہور ،کوئٹہ اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی سماعت کر رہے ہیں۔
عوام کی سہولت کے لئے کمیشن نے www.coioed.pkکے نام سے ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر کیسوں کی تفصیل اور سماعت کی تاریخوں سمیت دیگر معلومات دستیاب ہیں جبکہ سول سیکرٹریٹ پنجاب لاہور میں کمیشن کا باضابطہ طور پر سب آفس قائم کر دیا گیا ہے اس سب آفس کا رابطہ نمر042.99210884ہے۔