|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2017

کوئٹہ :  کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کوئٹہ بلاک میں انسداد پولیو مہم میں رفیوزل کیسز کی تعداد 1000ہے جسے اگلے سال تک 200کی سطح پر لا یا جائے گا۔

انسداد پولیومہم میں کام کر نے والے افراد اور خصوصاً خواتین شدید سکیورٹی خدشات کے با وجودجان کی پرواہ کئے بغیر فرائض سرانجام دے رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے ،اگلے سال بلوچستان پولیو فری علاقہ بن جائے گا ،یہ بات انہوں نے منگل کو پولیو سے بچا ؤ کے عا لمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ عتیق ،ایمر جنسی پولیو آپریشن سینٹر کے کوارڈینیٹر سید فیصل ،پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن ،مولانا عبدالرحیم رحیمی،اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی بتول اسدی ،یو نیسیف کے نمائندے ڈاکٹر ڈیوڈ ،ڈبلیو ایچ او کے سرفراز جما لد ینی و دیگر بھی موجود تھے ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان نے کہا کہ بلوچستان میں سنگین خدشات کے با وجود بھی پولیو ورکرز جان کی پرواہ کئے قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

2017میں انسداد پولیو ٹیم نے اپنے دئیے گئے اہداف سے بہتر کار کردگی دکھائی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بلاک جو کہ تین اضلاع پر مشتمل ہے میں پولیو ویکسین سے انکار کی شرح 1000ہے جسے اگلے سال تک 200تک لا یا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو انسداد پولیو مہم میں قبا ئلی عمائدین اور علما ء کرام کا ساتھ حاصل ہے تاہم ہم سب کو مل کرتمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 2018میں پولیو کے نا سور کو صوبے سے ختم کرنا ہے اور معاشرے کے ہر شہری کو مستقل معذوری سے بچا نا ہے ۔انہوں نے انسداد پولیو ورکرز خصو صاً خواتین کو یقین دہانی کروائی کے وہ انہیں در پیش مسائل کو ترجیحی بنیا دوں پر حل کریں گے ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایمر جنسی پولیو آپریشن سینٹر کے کوارڈینیٹر سید فیصل ،یو نیسیف کے نمائندے ڈاکٹر ڈیوڈ ،ڈبلیو ایچ او کے نما ئند ے نے کہا کہ پا کستان میں 2014سے اب تک پولیو کے 306کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سال 2017میں پولیو کے 5کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے ایک کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ سال 2011میں صوبے بھر میں 73بچے پولیو کا شکار ہوئے تاہم صحت محافظوں کی دن رات کوششوں سے اس میں کمی واقع ہو ئی ہے اس تما م کا میا بی کا سہرا صحت محا فظو ں اور پولیو ٹیم کے شہداء کے سر جا تا ہے جنہوں نے پولیو جیسے مرض کے خاتمے کے لئے ان تھک کوششیں کی ہیں ،بعدا زاں کوئٹہ میں اعلی کار کردگی دکھا نے والے 70سے زائد افراد میں اسناد اور شیلڈ تقسیم کی گئیں ۔