کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے تربت میں نیوزپیپر سٹال کے قریب کریکر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں نیشنل پارٹی کے عہدیدار اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پو لیس اور انتظامیہ کو دہشتگردی کی کاروائیوں کے ذریعہ بے گناہ لوگو ں کو نشانہ بناکر خوف ودہشت اور بدامنی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق بھرپور کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر آزادی صحافت پر قدغن لگانے کیلئے اخبارات کی ترسیل و تقسیم روکنے کی گھناؤنی کوشش کررہے ہیں تاکہ عوام تک حقائق پہنچنے نہ دئیے جائیں تاہم صوبے کے باشعور عوام کے تعاون سے اس گھناؤنی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت جائزہ لے رہی ہے کہ اس گھناؤنی مہم کے پیچھے کون کام کررہا ہے تاکہ ان عناصر کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کے روز قائد اعظم یوینورسٹی کے وائس چانسلر، ڈینز اور اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی ا ور ان سے یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء کے مسائل اور دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی ۔
صوبائی وزیر نے یونیورسٹی سے نکالے گئے طلباء کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے دوردراز علاقوں سے حصول تعلیم کیلئے اسلام آباد یونیورسٹی میں داخل طلباء کے مستقبل کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ طلباء نے گذشتہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران پیدا ہونے والے تنازعہ اور اس کے نتیجے میں صوبے کے بعض طلباء کے یوینورسٹی سے اخراج کے حوالے سے آگاہی دی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے انہیں سیاست سے دور رہ کر تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھنے کی تلقین کی تھی۔
صوبائی وزیر نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مسئلے کے افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے یقین دلایا کہ خارج کئے گئے طلباء کسی قسم کے تنازعہ میں نہیں الجھیں گے ۔
تاہم یونیورسٹی انتظامیہ بھی بلوچستان کے طلباء کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے تاکہ ان میں ان سے امتیازی سلوک اور زیادتی کئے جانے کا احساس پیدا نہ ہو۔ یوینورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو بتایاگیا کہ طلباء کے اخراج کا معاملہ سینڈیکیٹ کو بھجوایاگیا ہے تاہم انتظامیہ اس مسئلے کا ہمدردانہ جائزہ لیتے ہوئے سینڈیکیٹ اجلاس میں خارج کئے گئے ۔
طلباء کی بحالی کی حمایت کرے گی بعدازاں صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے انہیں پیشرفت سے آگاہ کیا صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال اور چیف سیکرٹری اورنگزیب حق بھی اس موقع پر موجود تھے۔