کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ہرنائی بم دھماکے اور اکبر بگٹی ایکسپریس بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گرد اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر چند ٹکوں کی خاطر بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں بم کے دھماکے میں اے این پی کے ضلعی رہنما اور ان کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس کے محرکات کا پتہ چلایا جائے اور جو بھی اس میں ملوث ہے اسے قانون کے کٹہرے میں لایاجائے۔
وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی اور تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کویہ سانحہ صبروہمت سے برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سینئر صحافی ، روزنامہ دی نیوز کے رپورٹ احمد نورانی پر اسلام آباد میں نامعلوم افراد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں احمدنورانی اور ان کے ڈرائیور کے زخمی ہونے پرا فسوس کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے اس افسوسناک واقعہ کو آزادی صحافت کے منافی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات آزاد صحافت کیلئے زہر قاتل ہیں اور ان کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس میں ملوث عناصر کوبھی قانون کی گرفت میں لانے کی ضرورت ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ احمد نورانی ایک منجھے ہوئے اور جرات مند صحافی ہیں جوچھپے ہوئے حقائق کو سامنے لانے کی شہرت رکھتے ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے احمد نورانی کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے مچھ کے قریب اکبر بگٹی ایکسپریس کو بم دھماکے کے ذریعے تخریب کاری کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں چند مسافروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر چند ٹکوں کی خاطر بے گناہ لوگوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنارہے ہیں تاکہ ملک اور صوبے میں بدامنی پیدا کرکے جاری ترقی کے سفر کو روکا جاسکے ۔
تاہم وزیراعلیٰ نے کہا ہماری سیکورٹی فورسز دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کامیابی سے برسرپیکار ہیں اور انہیں عوام کی بھرپور حمایت اور حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔
انہوں نے پولیس ، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردی کی حالیہ لہر پر قابو پانے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں اور دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ریلوے لائنوں اور قومی شاہرہوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔