کوئٹہ: خنجراب سے نکلنے والی پاکستان کار ریلی ڈیرہ اسماعیل خان اور ژوب کے راستے کوئٹہ پہنچ گئی۔
پاک فوج کے زیر اہتمام 34 موٹر سائیکلوں اور 22 گاڑیوں پر مشتمل پاکستان آزادی ریلی کوئٹہ پہنچی تو عسکری چیک پوسٹ پرصوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ، جی او سی 41ڈویژن میجر جنرل ندیم ذکی ، پاک فوج کے اعلیٰ آفیسران اور سکول کے طلباء و طالبات نے ریلی کے شرکاء کا استعمال کیا ۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ سی پیک روٹ سے کوئٹہ پہنچ کر بے حد خوشی ہوئی۔ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ خنجراب سے ریلی کا پرامن طور پر کوئٹہ پہنچنا دہشت گردوں کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موٹر ریلی کا سی پیک روٹ پر خنجراب سے کوئٹہ پہنچنا خوش آئند ہے۔
انہیں خوشی ہو رہی ہے کہ پورے پاکستان کی نمائندگی کوئٹہ میں موجود ہے اور یہ ثابت ہو گیا کہ بلوچستان ایک پر امن صوبہ اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آج دہشت گردوں کی شکست کا دن ہے دہشت گرد کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ریلی کے شرکاء ایک روز کوئٹہ میں قیام کرنے کے بعد آج اتوار کی صبح گوادر کیلئے روانہ ہو ں گے ۔