|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2017

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو نے کروڑوں روپے کے ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں کمشنر آفس کے ملازم سمیت تین ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ 

کمشنر آفس کے ذیلی ادارے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ کے گریڈ 16کے سپرنٹنڈنٹ طلعت اسحاق کو نیب نے چند ماہ قبل لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ دوران تفتیش ملزم بحریہ ٹاؤن راولپنڈی، ڈی ایچ اے لاہور اور کوئٹہ میں بیس کروڑ روپے مالیت کے بنگلے، پلاٹ اور مہنگی سپورٹس و پرتعیش گاڑیوں کا مالک نکلا۔ جبکہ ملزم سے کروڑوں روپے مالیت کا خالصو سونا، جیولری اور لاکھوں روپے کی غیر ملکی کرنسی بھی برآم دہوئی تھی ۔

نیب نے ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں رکھے3کروڑ50لاکھ کا سراغ لگا کر بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کردیئے۔ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پلی بار گین کی درخواست دی تھی جسے ڈی جی نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نے مسترد کردیاتھا۔ 

پلی بار گین کی درخواست مسترد ہونے پر گزشتہ رو زنیب نے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ ریفرنس میں طلعت اسحاق اور دو دیگر مفرور ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔