کوئٹہ : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ جناب راشد محمود نے نواب زادہ گزین مری کے جسمانی ریمانڈ میں 5روزہ توسیع کے احکامات دے دئیے جبکہ نواب زادہ گزین مری کی جانب سے دائر درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر دلائل کیلئے ان کے کونسل کی استدعا پر عدالت کی جانب سے 6نومبر تک موقع دیاگیا۔
گزشتہ روز نواب زادہ گزین مری کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب داؤد خان ناصر کے روبرو پیش کیاجاناتھا تاہم اے ٹی سی جج ون کے رخصت پر ہونے کے باعث نواب زادہ گزین مری کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ جناب راشد محمود کے روبرو پیش کیا گیا جہاں ان کے خلاف کالعدم تنظیموں کی معاونت ودیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے نواب زادہ گزین مری کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔
جس پر عدالت نے ان کی جسمانی ریمانڈ میں 5روزہ توسیع کے احکامات دے دئیے جبکہ درخواست ضمانت بعد از گرفتاری میں نواب زادہ گزین مری کے کونسل کی جانب سے دلائل کیلئے تیاری کا موقع دینے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت کو 6نومبر تک ملتوی کرنے کے احکامات دے دئیے ۔