کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں شہید جاوید کے قتل کو افسوسناک و شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔
شہید جاوید ولی محمد نیشنل پارٹی تمپ کے رہنما اور تمپ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ناصر رند کے چھوٹے بھائی تھے جنہیں گزشتہ دنوں میر آباد سے گھر جاتے ہوئے اغوا کیا اور دو دن تک انسانیت سوز تشدد کے بعد قتل کرکے ان کی نعش پھنک دی گئی۔
نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت دکھ و تکلیف کی اس گھڑی میں شہید کے بھائی اور خاندان سے اپنی دلی ہمدردی و غم کا اظہار کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ مرحوم کی مغفرت کرے اور خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بیان میں کہاگیا کہ بلوچ مسلح گروہ مکران خصوصاًتربت میں نہتے نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بناکر اپنی غلط و ناکام حکمت عملی پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں مصروف ہے آزادی کے نام پر جاری جنگ میں بری طرح ناکامی کے بعد خانہ جنگی کو ہوا دے کر نفسیاتی تسکین حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔
مکران خصوصا تربت کے سیاسی کارکن اس مسلح گروہ کے نشانے پر ہیں آئے روز ایک نہ ایک کو نشانہ بنا کراپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں لگے ہیں انسانی حقوق کی تنظیموں کو سیاسی کارکنوں کے قتل کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔