|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2017

کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے اوربلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد ی کے واقعات کے تانے بانے کابل سے ملتے ہیں ۔

افغانستان اور ہندوستا ن ان دہشت گردوں کو مالی و لاجسٹک سپورٹ فراہم کررہی ہیں جو بلوچستان میں نہتے شہریوں کو قتل کررہے ہیں ،یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کی شعبہ ماس کمیونیکشن کی پروفیسر ناظمہ طالب سے لیکر سینکڑوں اساتذہ ،وکلاء ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی کے بے گناہ ومعصوم شہریوں کو دہشت گردوں نے قتل کردیا مگر بدقسمتی سے انسانی حقوق کی تنظمیوں اور ملک کی بڑی سیاسی وجمہوری جماعتوں نے ان واقعات پر خاموشی اختیار کی ۔

انہوں نے کہاکہ کالعدم تنظیم کے ڈاکٹر اللہ نذر کی اہلیہ اور دوسری طرف خواتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نامکمل سفری دستاویزات کی بناء پرپاک افغان بارڈرکے قریب حراست میں لیا تھاجسے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اسلامی وقبائلی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے عزت تعظیم سے باعزت طریقے سے رہا کرکے رخصت کیا کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم خواتین اور بچوں اور بزرگوں سے انتقام لینے والے نہیں۔