کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں محرومیاں اور بے چینی پائی جاتی ہیں، عوام کے حقوق کا تحفظ نہ کیا جائے تو وہ قانون اپنے ہاتھوں میں لے لیتے ہیں ، ملک کی موجودہ صورتحال میں تمام ریاست کے تمام ستونوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انصاف کے تقاضوں کے تحت کام کریں تاکہ معاشرے میں امن قائم ہوسکے۔وہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چیف جسٹس نے اینٹ رکھ کر عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا اور انصاف کی بلا تعطل فراہمی مناسب سہولیات کے بغیر ممکن نہیں۔ اسلام میں انصاف کی اہمیت دیگر مذاہب سے بہت زیادہ ہیں ۔ چیف جسٹس نے سورۃ النساء کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ ’’اے ایمان والوں انصاف پر خوب قائم ہوجاؤ ،اللہ کیلئے گواہی دو چاہے اس میں تمہارا اپنا نقصان ہو یا ماں باپ کا یا رشتہ داروں کا جس پر گواہی دو وہ غنی ہو یا فقیر بہر حال اللہ کو اس کا سب سے زیادہ اختیار ہے ‘‘نظام عدل مسلسل ترقی کا مرہون منت ہے انصاف کی اہمیت کے پیش نظر تمام متعلقین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف کے انتظام کیلئے تمام صلاحیتوں کو استعمال کریں،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹری کی عمارت میں بہتر اور جدید سہولتوں کے سنگ بنیاد کی یہ تقریب بلا شبہ حصول مقصد کی جانب ایک اور قدم ہے یہ ایک تاریخی عمارت ہے اور مجھے یقین ہے کہ تاریخی عمارت سے تاریخی فیصلے صادر ہوں گے جو اس کی چمک دمک میں اضافہ کریں گے ۔ مجھے یقین ہے کہ سپریم کورٹ اس عمارت میں انصاف کی فراہمی کا مقدس فریضہ انجام دے کر اس کی شان وشوکت میں اضافہ کرے گی دہلیز پر انصاف کی فروانی ہمارے آئین کا بنیادی مقصد ہے اس موقع پر بلوچستان ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس جسٹس جمال مندوخیل ،ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبان اور سیشنز ججز ،بلوچستان ہائیکورٹ بار کے صدر ظہور احمد شاہوانی، بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عطاء اللہ لانگو ،سینئر وکلاء علی احمد کرد،ہادی شکیل ایڈووکیٹ دیگر وکلاء عہدیداران بھی موجود تھے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کوئٹہ کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے ۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ دیگر صوبائی دارالحکومتوں کی طرح کوئٹہ میں بھی سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کی علیحدہ عمارت کی تعمیر سے نہ صرف سپریم کورٹ کے جج صاحبان کو رجسٹری میں کیسوں کی سماعت کے لیے بہتر سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوگی ، بلکہ صوبے کے عوام کو بہتر فور ی اور سستا انصاف ان کی دہلیز پر فراہم ہو سکے گا اور انہیں طویل سفر طے کرنے کی زحمت نہیں ہوگی ،چیف سیکریٹری نے سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کوئٹہ کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کو چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کا مرہون منت قرار دیا جبکہ اس حوالے سے انہوں نے گورنر بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے تعاون کو بھی سراہا جن کی منظوری سے منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز ممکن ہوسکا، انہوں نے منصوبے کے لیے مختص اراضی اور اس پر تعمیر شدہ عمارت کی تاریخی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ، منصوبے کا ڈیزائن ملک کے ممتاز اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر تعمیرات نیر علی دادا نے تیار کیا ہے جبکہ ان کے نمائندے نے اس موقع پر عمارت کے تعمیر کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان نے عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور منصوبے کی کامیابی کے لیے دُعا مانگی گئی۔