کوئٹہ +اندرون بلوچستان(اسٹاف رپورٹر +ایجنسیاں) اندرون بلوچستان دھماکوں وفائرنگ رفورسز آپریشن کے دوران 8افراد ہلاک، 33زخمی ہوئے، چمن میں 2بم دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق، ڈیرہ بگٹی میں فورسز کے آپریشن میں 6افراد ہلاک، تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں مشتبہ افراد کے خلاف آپریشن میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ آپریشن میں پانچ مسلح افراد بھی ہلاک ہوئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق جمعرات کی صبح ڈیرہ بگٹی کے علاقے پٹ فیڈر کے قریب آر دی ڈی 238 میں ایف سی نے مشتبہ افراد کے خلاف آپریشن کیا۔ جس کے دوران مسلح افراد اور ایف سی کے مابین جھڑپ ہوئی اور دونوں اطراف سے جدید اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ جھڑپ میں ایف سی اہلکار سپاہی گل مرجان جاں بحق جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس میں پانچ مسلح افراد بھی ہلاک ہوئے۔ ہلاک افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ واقعہ کی ایف آئی آر بھی متعلقہ لیویز تھانے میں درج کرادی گئی ہے۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن میں ٹرنچ روڈ پر موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک شخص حاجی اخترجان موقع پر ہلاک جبکہ دھماکہ سے احسان اللہ ‘ اسد اللہ ان کا والد سردار محمد ‘ عصمت اللہ ‘ گل آغا ‘ دلبرخان‘ خٹو ‘ سردار محمد ‘ آغا جان ‘ نصیب اللہ ‘ عبدالقیوم ‘ مشتاق حسین ‘ حمید اللہ ‘ عبیداللہ ‘ دوست محمد ‘ اور غلام اکبر شدید زخمی ہوگئے دھماکہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بم ڈسپوزل کا عملہ اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے علاقے کو گہرے میں لیکر زخمیوں اور لاش کو ہسپتال پہنچا دیا دھماکہ سے دو نجی بینکوں سمیت 7 دکانوں اور 6 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور انہیں شدید نقصان پہنچا دھماکہ میں 3 سے 4 کلوگرام وزنی بارود استعمال کیا گیا تھا اسی دوران پولیس کا اطلاع ملی کہ کچہری کے قریب ایک مشکوک موٹرسائیکل کھڑی ہے جس پر پولیس نے بم ڈسپوزل کے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر علاقے کو گہرے میں لے لیا اورموٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیزمواد کو ناکارہ بنارہے تھے کہ اچانک وہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں انسپکٹر شاہد سلیم‘ گل محمد ‘ اے ٹی ایف کے ہیڈ کانسٹیبل ‘ محمد ایوب ‘ کانسٹیبل رحمت اللہ ‘ اور عبدالحکیم زخمی ہوگئے زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ شفٹ کردیا گیا لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پنجگور کے علاقہ دشت شہباز میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، لیویز ذرائع کے مطابق دشت شہباز منگے قلات میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے انور ولد دین محمد نامی شخص جاں بحق ہوگیا دریں اثناء پنجگور کے علاقے بونستان میں نامعلوم سمت سے ایک گھر پر راکٹ سے حملے کئے گئے جس سے گھر کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے جبکہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے راکٹ حملے کے بعد زور دار دھماکے اور فائرنگ سے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔