|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2017

کوئٹہ: صوبائی سیکرٹری صحت جاوید انور شاہوانی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کی گئی طبی سہولتوں کا فائدہ لوگوں تک اس صورت میں پہنچ سکتا ہے جب ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف باقاعدگی سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں خصوصاً صوبے کے دیہی علاقوں میں اس کی اشد ضرورت محسوس کی جاتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزڈویژنل ہیڈ کواٹر ہسپتال خضدار، نرسنگ ٹریننگ انسٹویٹ خضدار مڈوائفری سکول خضدار، لیبر ہسپتال خضدار اور جھالاوان میڈیکل کالج خضدارکے دورے کے موقع پر کیا۔ 

انہوں نے اس امر پر اطمینان کااظہار کیاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خضدار کے ڈاکٹرز اور عملہ باقاعدگی سے حاضر رہتاہے اور دلجمعی سے فرائض انجام دیتا ہے اس موقع پر انہیں بتایاگیا کہ ہسپتال میں روزانہ ایک ہزار سے پندرہ سوتک او پی ڈی میں مریضوں کا علاج ومعالجہ کیاجاتاہے جبکہ ہفتے بھر میں 70سے زائد مریضوں کا آپریشن بھی کیا جاتا ہے ۔

ان میں خضدار ضلع کے علاوہ دیگر اضلاع اور گردونواح کے مریض بھی شامل ہوتے ہیں سیکرٹری صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال خضدار ڈاکٹر سومار خان بلوچ نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں ڈائیلاسز کا عمل شروع کردیاگیا ہے اور ڈاکٹر صاحبان بڑی خوش اسلوبی سے ڈائیلاسز کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے بتایا کہ خضدار شہرمیں لوڈ شیڈنگ دفتری اوقات کار میں جاتی ہے اور اس کا دورانیہ اتنا طویل ہوتا ہے کہاعلیٰ حکام کیسکو سے اس کے اوقات کار تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ 

بعدازاں سیکرٹری صحت نے کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ و کسیکو حکام کے ساتھ ایک اجلاس منعقدکیا جس میں انہوں نے لوڈ شیڈنگ سے خضدار کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے متاثر ہونے کے حوالے سے و دیگر امور پر بات چیت کی اور اس سلسلے کے فوری اقدامات کیلئے کیسکو حکام پر زور دیا کہ وہ ہسپتال کو خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی بجلی لائن سے منسلک کریں کیونکہ اس میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جاتی ہے ۔

دریں اثناء سیکرٹری صحت نے نرسنگ انسٹیٹیوٹ ومڈوائفری ٹریننگ سکول و لیبر ہسپتال کا دورہ کیا اوروہاں کی انتظامیہ سے تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے ان اداروں کے بہترین نظم و نسق اور درس و تدریس کو سراہا۔ 

انہوں نے زیر تربیت طالبات سے ان کے مسائل معلوم کئے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو آنے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت اور ان کے سکالر شپ کو بڑھانے کیلئے سمری تیار کرکے انہیں ارسال کی جائے تاکہ ان طالبات کو یہ سہولیات فراہم کی جاسکے۔ 

جھالاوان میڈیکل کالج کے دورے کے موقع پر انہوں نے کالج انتظامیہ پر زور دیا کہ کالج کی تعمیراتی کام کو بروقت مکمل کریں اور اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے انتظامیہ کو بتایاکہ حکومت کالج کی فیکلٹی کی فراہمی کیلئے سلیکشن کاعمل شروع کئے ہوئے ہے اور جلدہی اچھے اور ماہر اساتذہ کالج فراہم کردیئے جائیں گے۔ 

دورے میں ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میجر(ر) اورنگزیب بادینی، ڈویژنل ڈائریکٹرہیلتھ قلات ڈویژن ڈاکٹر مراد مینگل ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فضل محمد زہری ، ایم ایس سول ہسپتال خضدار ڈاکٹر سومار خان بلوچ ٹی بی کنٹرول پروگرام ایم ڈی آر کے پروفیشنل کوآرڈنیٹر ڈاکٹر اعظم خان بابر و دیگر بھی ہمراہ تھے۔