|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابقہ رکن قومی اسمبلی سید ناصر علی شاہ ہزارہ نے کہاہے کہ کوئٹہ شہر کے امن وامان اور انتظامی امور کو بہتری کی طرف لیجانے کیلئے روزگار کیلئے نئے موقع فراہم کرنے اور ہمارے بچوں کے بہترین مستقبل سنوارنے اور کوئٹہ کے عوام کو تمام سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت سے ہمارے پانچ مطالبات ہے اگر انہیں حل کردیا جائے تو کوئٹہ کی صورتحال سب سے بہتر ہوسکتی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر چیئرمین ہزارہ قومی جرگہ حاجی عبدالقیوم چنگیزی اور دیگر ہزارہ قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے ۔

سید ناصر علی شاہ ہزارہ نے کہاکہ ہمار اپہلا مطالبہ ہے کہ کوئٹہ شہر کو پرانے اور نئے مردم شماری کے تحت مزید چار ضلعوں میں تقسیم کیا جائے نمبر 2کوئٹہ شہر کو آباد ی کے لحاظ سے 12تحصیلوں میں تقسیم کیا جائے ،نمبر 3کوئٹہ شہر کی آبادی کو مدنظر رکھ کر یونین کونسل اور وارڈ کی تعداد کو دوگناکیا جائے ۔

نمبر4 ،23لاکھ کی آبادی کو مدنظر رکھ کر صوبائی اسمبلی کے چھ نشستوں کو 12نشستیں کی جائے الیکشن کمیشن کے رول کے مطابق 7لاکھ کی آبادی پر قومی اسمبلی کی ایک نشست بنتی ہے اس قانون کو مدنظر رکھ کر کوئٹہ کو قومی اسمبلی کی تین نشستیں دی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے بلوچستان کا دارالحکومت بھی ہے 1998کی مردم شماری کے بعد کوئٹہ کے آبادی 7لاکھ 43ہزار رپورٹ کی گئی تھی اور 2017کے نئے مردم شماری کے مطابق تقریباً اس وقت 23لاکھ رپورٹ کی گئی ہے جو کہ تین گنااضافہ ہوچکا ہے ۔

مردم شماری کرنے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ عوام کو ان کے آبادی کے مطابق مکمل حقوق فراہم کئے جائیں بنیادی حقوق سے مراد سکول ،کالج ،یونیورسٹی ،سڑک ،روزگار،صحت ،امن وامان ،پینے کا صاف پانی ،بجلی ،گیس ،ہر وہ چیز جو عوام کی ضرورت ہے انکو ملنی چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں جاری حالیہ دہشتگردی کی جاری لہر میں جو دلخراش واقعہ زرعی یونیورسٹی خیبر پختونخوامیں پیش آیا جس میں 9طالبعلم شہید اور کئی افراد زخمی ہوئے اسکی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کوئٹہ میں ہفتے کے روز جو ٹیکسی پر فائرنگ کی گئی ہے جس میں ابھی تک اطلاع کے مطابق تین افراد زخمی ہے ہم اس واقع کا بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں