|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2013

fffکوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن بلوچستان کا کہنا ہے کہ سات دسمبر کو ہونے والے صوبائی بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج کے اعلان میں مزید دو دن کی تاخیر ہوسکتی ہے جبکہ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنے کے لئے اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ۔کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید کا کہنا تھا کہ رابطوں میں کمی ، مواصلاتی نظام کی خرابی، لوڈ شیڈنگ اور بعض حلقوں کے نتائج پر تنازعات سمیت کئی دیگر وجوہات کی بناء پر مقررہ وقت پر نتائج کا اعلان نہیں کیا جاسکا۔ متنازعہ حلقوں پر شکایات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کو چار سو سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی اور خالی رہ جانے والی نشستوں کے انتخاب کا فیصلہ کرنے کیلئے16 دسمبر کو اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین،کسان، مزدور اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا انتخاب خفیہ رائے دہی کے ذریعے کیا جائے گا۔ جس کے بعد میئر ،ڈپٹی میئر اور کونسلز کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب شہری حلقوں کے کامیاب کونسلرزکریں گے اور اس عمل کو مکمل ہونے میں ایک ماہ سے زائد عرصہ لگ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جماعت سادہ اکثریت حاصل کرے گی میئر اور ڈپٹی میئر اس ہی جماعت سے ہوگا۔